یوتھ فیسٹیول میں کرپشن پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا ،ایک دودن میں منظر عام پر آ جائیگا‘ اپوزیشن لیڈر، مردم شماری کی آڑ میں بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کی اجازت نہیں دینگے،رانا ثناء اللہ منفی باتیں کرنا چھوڑ دیں،پنجاب اسمبلی کی تمام کمیٹیوں کو از خود نوٹس لینے کے اختیارات دلانے کیلئے جلد اسمبلی میں قرارداد پیش کرینگے‘ محمود الرشید

جمعرات 20 مارچ 2014 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہیوتھ فیسٹیول میں کرپشن پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا جو ایک دودن میں منظر عام پر آ جائیگا، مردم شماری کی آڑ میں بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے لہٰذاصوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان منفی باتیں کرنا چھوڑ دیں،پنجاب اسمبلی کی تمام کمیٹیوں کو از خود نوٹس لینے کے اختیارات دلانے کیلئے جلد اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ خوشاب اور جھنگ کے ضمنی الیکشن کے نتائج سے خوفزدہ حکمران بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتے مگر ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول میں کرپشن پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا جو ایک دودن میں منظر عام پر آ جائے گا۔میاں محمود الرشید نے تسلیم کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین ہونے کے باوجود انہیں از خود نوٹس لینے کے اختیارات حاصل نہیں تاہم انہوں نے اعادہ کیا کہ پنجاب اسمبلی کی تمام کمیٹیوں کو از خود نوٹس لینے کے اختیارات دلانے کیلئے جلد اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبے کی پولیس میں تقرریاں ،تعیناتیاں میرٹ پر ہوتیں تو صوبے میں امن قائم ہو چکا ہوتا۔