امداد کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کے پیروں میں گرنیوالے معذور شخص پر ڈنڈوں اور لاتوں کی بارش

جمعرات 20 مارچ 2014 19:01

امداد کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کے پیروں میں گرنیوالے معذور شخص پر ڈنڈوں ..

مٹھی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) جہاں ایک جانب تھر کے قحط زدہ علاقوں کے ہزاروں عوام اب تک امداد کے منتظر ہیں تو دوسری جانب حکمران بے حسی کی نیند سے جاگنے پر تیار نہیں اور ایسا ہی کچھ ہوا مٹھی میں جہاں معذور شخص کے مدد مانگنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے ڈنڈوں اور لاتوں سے شدید تشدد کا نشانہ بناڈالا۔

نجی ٹی وی کے مطابق قائم علی شاہ تھر کے قحط زدہ علاقوں کا دورہ کرنے مٹھی پہنچے جہاں انہوں نے سول اسپتال مٹھی کا دورہ کیا اور اسپتال کا دورہ کرکے وہ جیسے ہی باہر نکلے تو وہاں موجود ایک غریب معذور شخص امداد کے لئے ان کے پاؤں میں جاگرا، معذور شخص کا امداد مانگنا جیسے گناہ عظیم ہوگیا اور وزیر اعلیٰ کے سیکیورٹی اہلکاروں نے ڈنڈوں اور لاتوں کی بارش کرتے ہوئے غریب شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بناڈالا.

اس دوران قائم علی شاہ نے صرف اتنا کرا کہ اپنے محافظوں کو تشدد سے روک دیا اور غریب کو اس کی اوقات یاد دلاتے ہوئے ایک ہزار روپے اس کے ہاتھ میں تھماتے ہوئے وہاں سے چلتے بنے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو اپنے دورے کے دوران چیلار، کانٹیو اور چھاچھرو کے علاقوں میں گندم تقسیم کرنا تھی لیکن شائد انہوں نے یہ ضروری نہ سمجھا جس کے باعث قحط زدہ علاقوں کے 80 ہزار سے زائد خاندان اب تک گندم سے محروم ہیں۔

امداد کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کے پیروں میں گرنیوالے معذور شخص پر ڈنڈوں ..

متعلقہ عنوان :