تمام اسلامی ممالک بارے ہماری خارجہ پالیسی غیر جانبدارانہ ہے،دفتر خارجہ

جمعرات 20 مارچ 2014 16:14

تمام اسلامی ممالک بارے ہماری خارجہ پالیسی غیر جانبدارانہ ہے،دفتر خارجہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایران، شام سمیت تمام برادر اسلامی ممالک کیلئے خارجہ پالیسی غیرجانبدارانہ ہے ، پاکستان کی کسی اسلامی ملک بارے خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ شاہ بحرین کے دورے کے دوران بحرین اور پاکستان نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔

دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے نیویارک ٹائمز کے اسامہ بن لادن کے حوالے سے آرٹیکل کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ یہ مضمون رپورٹر کے ذرائع کی قیاس آرائیوں پر لکھا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کئی بار وضاحت کر چکے ہیں کہ ہماری مسلم ممالک کے حوالے سے خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان کی ایران، شام سمیت تمام برادر اسلامی ممالک کے لیے خارجہ پالیسی غیرجانبدارانہ ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ایران کا دورہ کریں گے تاہم ان کے دورے کی تاریخوں کا فی الحال تعین نہیں کیا گیا۔تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ اس وقت پانچ پاکستانی گوانتاموبے میں قید ہیں۔پاکستان کی درخواست پر امریکہ انہیں ہمارے حوالے کرنے پر تیار ہے ، اس سلسلے میں کام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :