پاکستانی کھلاڑی ٹی ٹونٹی کا آغاز بھارت کے خلاف پراعتماد انداز میں کریں گے‘ معین خان

جمعرات 20 مارچ 2014 15:15

ڈھاکہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ معین خان نے کہا ہے کہ ٹیم کے کھلاڑی ٹی ٹونٹی کا آغاز بھارت کے خلاف پراعتماد انداز میں کریں گے کیونکہ انہیں ایک بڑے میچ کی صورت میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملا ہے،بلاشبہ یہ ایک پریشر گیم ہے لیکن کھلاڑی وہی بڑا ہوتا ہے جو اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹر ویو میں معین خان نے کہا کہ اگر کھلاڑی اس پریشر کو انجوائے نہیں کرے گا اور ملنے والے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھائے گا تو وہ پیچھے رہ جائے گا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ جو گیم پلان تیار کیا جاتا ہے کھلاڑی اس کے مطابق کھیلیں۔ جب ہر چیز واضح ہوتی ہے تو ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے لیکن اگر ذہن میں شکوک وشبہات ہوتے ہیں تو پھر ٹیم ہارتی ہے۔

(جاری ہے)

معین خان نے کہا کہ جب آپ کو کسی بھی ٹورنامنٹ کی ابتدا ہی میں کوئی بڑا میچ مل جائے تو پھر جیت کی صورت میں ٹیم کے حوصلے بلند ہوجاتے ہیں۔معین خان نے کہا کہ اگرابتدا اچھی نہ ہو تو یقینا اس کااثر برا ہوتا ہے لیکن یہ اسوقت ہوتا ہے جب آپ مقابلہ کیے بغیر ہارتے ہیں لیکن اگر آپ فائٹ کرتے ہوئے میچ ہاریں تو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ بحیثیت کوچ انہیں اپنی ٹیم پر اعتماد ہے کہ وہ ابتدائی ناکامی کا ازالہ کرسکتی ہے۔

معین خان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ابھی تک ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں بھارت سے نہیں جیتی لیکن اس بار یہ موقع موجود ہے کہ یہ بھارت کو عالمی ایونٹ میں ہرانے والی پہلی پاکستانی ٹیم بن جائے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی وکٹوں اور کنڈیشنز میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہوگا لیکن فاسٹ بولرز کو کسی طور نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :