ورلڈ ٹی 20 وارم اپ میچ؛ پروٹیز نے شاہینوں کو دبوچ کر بازی اپنے نام کرلی

بدھ 19 مارچ 2014 21:37

ورلڈ ٹی 20 وارم اپ میچ؛ پروٹیز نے شاہینوں کو دبوچ کر بازی اپنے نام کرلی

فتح اللہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔بنگلا دیش کے شہر فتح اللہ کے خان شہاب علی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم جنوبی افریقا کے بالرز نے پاکستانی بلے بازوں کی ایک بھی نہ چلنے دی اور ایک بعد ایک کرکے تمام کھلاڑی 18 ویں اوور میں صرف 71 رنرز بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم جواب میں جنوبی افریقا نے ہدف 14 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر با آسانی مکمل کرلیا۔

قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کو 15 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

احمد شہزاد 13 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ڈومنی کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جب کہ شرجیل خان صرف 2 رنز بنا کر ہینڈرکس کی بال پر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد عمر اکمل کھیلنے کےلئے آئے تاہم وہ بھی ٹیم کے مجموعی اسکور میں نمایاں اضافہ نہ کرپائے اور 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک ایک، محمد حفیظ 7، بلاول بھٹی 3 اور کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے عمر اکمل، احمد شہزاد اور صہیب مقصود ہی ڈبل فگر میں ہی داخل ہوپائے۔ جنوبی افریقا کے بالر لونوابو ٹسوٹسوبے، ہینڈرکس اور وائن پارنل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے اوپنر ہاشم آملہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 24 رنز بنائے تاہم وہ عمر اکمل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ ڈی کوک شاہد آفریدی کی گیند پر 15 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ اے بی ڈی ویلیئر 20 اور ڈیوڈ ملر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔