اسامہ بن لادن سے رابطوں کی خبریں بے بنیاد ہیں، ثبوت پیش کریں کسی بھی بین الاقوامی عدالت میں الزامات کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں‘ حافظ سعید،امریکہ پاکستان میں کسی صورت امن و امان نہیں چاہتا اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار رکھنا چاہتا ہے‘ سربراہ جماعتہ الدعوة پاکستان ۔ تفصیلی خبر

بدھ 19 مارچ 2014 21:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) جماعتہ الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید احمد نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن سے رابطوں کی خبریں بے بنیاد ہیں، امریکہ کے پاس اسامہ بن لادن سے میرے رابطوں کا ثبوت ہے تو پیش کیا جائے ورنہ یہ جھوٹے پروپیگنڈے چھوڑ دیں۔امیر جماعالدعو پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کہ اسامہ بن لادن کا حافظ محمد سعید سے براہ راست رابطہ تھا کو سراسر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا اسامہ بن لادن سے کبھی کوئی رابطہ نہیں رہا ۔

امریکہ کے پاس اس حوالہ سے کوئی تحریری یادستاویزی ثبوت ہے تو وہ پیش کرے ۔ہم کسی بھی بین الاقوامی عدالت میں ان الزامات کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جھوٹ کی بنیاد پر میڈیا میں پروپیگنڈے کرنا امریکیوں کا پرانا وطیرہ ہے۔امریکہ نے بغیر کسی ثبوت کے عراق میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیالیکن بعد میں کہہ دیا گیا کہ وہاں سے کوئی کیمیائی ہتھیار نہیں ملے۔

جب امریکہ نے ایبٹ آباد میں آپریشن کر کے اسامہ بن لادن کے قتل کا دعوی کیا تھا اور کسی کو دکھائے بغیر اسکی لاش سمندر برد کر دی تھی اس وقت بھی نیو یارک ٹائمز نے یہ الزام لگایا تھا کہ حافظ محمد سعید کا اسامہ سے رابطہ تھا ۔اسی طرح امریکہ نے میرے سر کی دس ملین ڈالر قیمت مقرر کی لیکن جب میں نے چیلنج کیا کہ میرے خلاف اس کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے تو امریکہ نے ساتھ ہی پینترا بدل لیا اور کہاکہ ہم نے تمہارے خلاف معلومات حاصل کرنے کیلئے انعام کا اعلان کیا تھا۔

میں سمجھتا ہوں کہ اس کے پاس اب بھی کوئی معلومات نہیں ہیں وہ صرف اور صرف جھوٹا پروپیگنڈہ کر کے دنیا کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ ان حالات میں کہ جب حکومت طالبان کے مابین مذاکرات جاری ہیں اور جماعتہ الدعوة ملک میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرنے اور فکری انتشار کے خاتمہ کیلئے ملک گیر سطح پر احیائے نظریہ پاکستان مہم چلارہی ہے۔

مذہبی و سیاسی جماعتوں سے رابطے و ملاقاتیں کی جارہی ہیں اور 23مارچ کو پورے ملک میں نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیاجارہا ہے امریکہ کی طرف سے نئے الزامات کے تحت جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ امریکہ پاکستان میں کسی صورت امن و امان نہیں چاہتا اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار رکھنا چاہتا ہے۔ ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ امریکہ کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں تو اسے الزامات کا یہ سلسلہ ختم کرنا چاہیے۔