ہمسایہ ممالک میں مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر ہو رہے ہیں،بھارتی ہائی کمشنر،تاجروں کیلئے ویزے کے حصول کو آسان بنایا جا رہا ہے ، ویزے صرف پانچ سے چھ ہفتوں میں جاری کئے جا رہے ہیں، آٹھ ،دس سال میں تجارت زیرو سے بڑھ کر 3بلین ڈالر ہوجانا خوش آئند بات ہے، ٹی سی اے راگون ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں صنعتکاروں اور برآمد کنندگان سے خطاب

بدھ 19 مارچ 2014 20:54

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگون نے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک میں مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور آٹھ دس سال میں تجارت زیرو سے بڑھ کر تین بلین ڈالر ہوجانا خوش آئندبات ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک میں تجارت اور دیگر شعبوں تعاون نہیں کیا گیا بلکہ پاکستان و بھارت نے ساٹھ سال تک اس بات پر ضائع کر دیئے کہ پہلے دیگر ایشوز کو حل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں صنعتکاروں اور برآمد کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر میاں محمد انور، خاور سپال، سمیت کثیر تعداد میں صنعتکار اور برآمد کنندگان بھی موجود تھے۔ ٹی سی اے راگون نے کہا کہ تاجروں کیلئے ویزے کے حصول کو آسان بنایا جا رہا ہے ، پولیس رپورٹ ختم کر دی ہے اور اب ویزے صرف پانچ سے چھ ہفتوں میں جاری کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں تیار ہونے والی مصنوعات کیلئے ہماری مارکیٹ اوپن ہے اور ایس ایم ایز کو اس پر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر اور اسکے ممبران بھارت میں ٹرید فیئر کیلئے اپنی تجاویزات دیں تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورازم کیلئے گروپ ٹور ویزے جاری کئے جا رہے ہیں اور لوگ گروپ کی شکل میں بھارت میں سیاحت کیلئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنوں ممالک میں تجارت کے فروغ کیلئے سٹیٹ بنک آف پاکستان اور ریزور بنک آف انڈیا کام کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے ملک میں اپنے بنک کھولیں تاکہ تجارت میں لین دین کے طریقہ کار کو آسان بنایا جا سکے۔ قبل ازیں صدر چیمبر ڈاکٹر سرفراز بشیر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نہ ختم ہونے والے غیر یقینی صورتحال کے خاتمے اور اپنے پالیسیوں کو دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی پر مرکوز کریں۔ ہم نے چھ دہائیاں صرف جارحیت اور تلخیوں میں گزار دیئے جس کا عوام نے بہت نقصان اٹھایا ۔ اب ہمیں چاہئے کہ اس خطے کے عوام کی بہتری کیلئے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری ڈیوٹیوں کی وجہ سے تاجروں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :