پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ میں بے بنیاد قیاس آرائیاں اور الزام تراشی کا رویہ قومی مفادات سے بدترین روگردانی ہے‘ خواجہ سعد رفیق ، الطاف حسین پاکستان کی محب وطن فوج کو آئین شکنی پر اُکسا کر بدترین جرم کے مرتکب ہورہے ہیں، انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا،پاکستان کی فوج کرائے کی فوج نہیں ، حکومت کرائے کے فوجیوں کی برآمد اور نہ ہی درآمد پر یقین رکھتی ہے ‘ وفاقی وزیر ریلوے کا بیان

بدھ 19 مارچ 2014 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ میں سعودی عرب کی اعانت پر شکرگزاری کی بجائے بے بنیاد قیاس آرائیاں اور الزام تراشی کا رویہ قومی مفادات سے بدترین روگردانی ہے، الطاف حسین پاکستان کی محب وطن فوج کو آئین شکنی پر اُکسا کر بدترین جرم کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ایک بیان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ سیاسی شعبدہ بازوں کو ہضم نہیں ہورہا۔

یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے اپنے دور میں بدترین کرپشن، اقرباء پروری اور کمیشن خوری کے ذریعے قومی معیشت کو تباہی کے کنارے پہنچا دیا تھا۔ اب پاکستانی معیشت کی بحالی کا عمل ان کے لیے ناقابل برداشت ہے اور اس میں اُنہیں پاکستان کے مخلص ، آزمودہ اور سچے دوستوں کے ساتھ تعلقات کی بھی کوئی پرواہ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخ میں منفرد حیثیت رکھتے ہیں، دونوں ملکوں نے ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کی دل و جان سے مدد کی۔

اسلامی اخوت پر مبنی سچی دوستی کا یہ سفر قیام پاکستان کے روزِ اوّل سے جاری ہے۔ سعودی عرب سرزمین حرمین ہونے کی وجہ سے بھی اہلِ پاکستان کی محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز ہے۔ مزید برآں لاکھوں پاکستانی کئی دہائیوں سے سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کو سب سے زیادہ زرمبادلہ سعودی عرب ہی سے حاصل ہورہا ہے۔

پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ایک بار پھر سعودی عرب کے فراخ دلانہ تعاون پر بعض نام نہاد سیاسی رہنماوٴں کے پیٹ میں مروڑ کیوں اُٹھ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے ۔ پاکستان کی فوج کرائے کی فوج نہیں ، حکومت کرائے کے فوجیوں کی برآمد میں یقین رکھتی ہے ، نہ درآمد میں۔

الطاف حسین کی گزشتہ روز کی تقریر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ برطانوی شہری ہزاروں میل دور بیٹھ کر پاکستان کی فوج کو بغاوت پر اُکسانے کی کوشش کررہا ہے جس میں اُسے ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ بد نیتی پر مبنی یہ بیانات خود ایم کیوایم کی سیاست کے لیے بھی نقصان دہ ہیں جس کے بعد ایم کیو ایم کو کسی دُشمن کی ضرورت نہیں۔ ہوئے تم دوست جس کے دُشمن اس کا آسماں کیوں ہو؟۔