پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر دور میں اقدامات کئے ہیں،شرجیل انعام میمن ، کراچی پریس کلب کی ایک تاریخ ہے ،آمرانہ دور حکومت میں جمہوریت کے استحکام میں اس کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،وزیر اطلاعات سندھ

بدھ 19 مارچ 2014 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور چیئرمین ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر دور میں اقدامات کئے ہیں۔ کراچی سمیت صوبے بھر کی صحافیوں کو سندھ حکومت کی جانب سے تمام تر سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ بھی ہم صحافی برادری کے تمام مسائل کے ح کے لئے کوشاں رہیں گے۔

کراچی پریس کلب کی ایک تاریخ ہے اور آمرانہ دور حکومت میں جمہوریت کے استحکام میں کراچی پریس کلب کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کراچی پریس کلب کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 10 لاکھ روپے کے چیک دینے کی سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران نے صوبائی وزیر سے چیک وصول کیا۔

اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے سیکرٹری جنرل خورشید عباسی، لیاقت علی، سنئیر صحافی کامران رضی اور دیگر بھی موجود تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس سے قبل بھی صحافیوں کو رہائشی پلاٹس اور دیگر مراعاتیں فراہم کی ہیں، جس کا مقصد صحافیوں کو ان کا حق دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں 200 صحافیوں کو پلاٹس کی فراہمی کے موقع پر انہوں نے صحافی برادری سے 10 لاکھ روپے پریس کلب کو دینے کا جو وعدہ کیا تھا آج وہ اسے پورا کررہے ہیں اور آئندہ بھی کراچی سمیت صوبے بھر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود میں سندھ حکومت اور بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کسی صورت پیچھے نہیں رہے گی۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران نے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور بالخصوص کراچی پریس کلب کے ارکان کو رہائشی پلاٹس اور دیگر مالی مدد کے لئے ہم ان کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی تاریخ ہے کہ کراچی پریس کلب اور اس کے صحافیوں نے ہمیشہ اس ملک میں جمہوریت کے استحکام اور آمریت کے خلاف جدوجہد اور تحاریک چلائی ہیں اور آج بھی ہم اس ملک میں جمہوریت کے خواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی اپنے دور حکومت اور سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی کراچی میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے ہیں اور آج سندھ حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیر اطلاعات شندھ شرجیل انعام میمن کی کاوشوں سے صحافیوں کے مسائل کا حل کیا جارہا ہے۔