خیبر پختو نخوا ویلفیئر فاؤنڈیشن کا قیام صوبائی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے، مہرتاج روغانی

بدھ 19 مارچ 2014 19:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود، و خصوصی تعلیم وترقی ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے کہا ہے کہ مستحق بیوا ؤں اور خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے خیبر پختو نخوا ویلفےئر فاؤنڈیشن کا قیام پاکستان تحریک انصاف حکومت کا عظیم کارنامہ ہے جس سے ہزاروں مستحق بیواؤں اور خصوصی افراد کو باعزت اور بامقصد زندگی کے آغاز کیلئے راستہ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مذکورہ فاؤنڈیشن کا قیام پارٹی کے مرکزی چےئرمین عمران خان کی سوچ وفکر کا نتیجہ ہے ۔ خیبر پختونخوا ویلفےئرفاؤنڈیشن میں خصوصی افراد اور مستحق بیواؤں کو ہنر کی تربیت دی جائے گی اور اس فاؤنڈیشن کے ذریعے ضرورت مندوں کو روزگار کیلئے مطلوبہ اوزاروں اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا جبکہ ان کی براہ راست مالی معاونت بھی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی مہر تاج روغانی نے مزید کہا کہ مذکورہ فاؤنڈیشن کو زیادہ سے زیادہ فعال ، شفاف اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بورڈ آف فاؤنڈیشن میں پرائیویٹ سیکٹرز کے نمائندوں کی اکثریت شامل کی گئی ہے اور ابتدائی طور پر صوبائی حکومت کی جانب سے فاؤنڈیشن کیلئے 50کروڑ روپے کی فراہمی بھی کی گئی ہے۔