مدارس کی برکت سے اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے ،مولانا سید جاوید حسین شاہ

بدھ 19 مارچ 2014 16:41

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مارچ 2014ء) صوفیا کرام کی بدولت آج دین ہمارے پاس اصل شکل میں موجود ہے ،مدارس کی برکت سے اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے ، مدارس کے خاتمہ کیلئے جو سازشیں کی جا رہی ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ، ان خیالات کا اظہار پیر طریقت مولانا سید جاوید حسین شاہ ،جمعیت علمائے اسلام فیصل آباد کے رہنما مخدوم سید محمد ذکریا ،مولانا مفتی محمد عبداللہ ،مولانا محمد عالم طارق نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،مقررین نے کہا کہ علمائے کرام اور مدارس کے طلبا ء کی بے مثال قربانیوں کی بدولت بننے والے پاکستان میں آج مدارس اور علمائے کرام کے ساتھ ظلم و بربریت کی مثالیں قائم کی جارہی ہیں ،مدارس کے خلاف پراپیگنڈہ مہم میں غیر مسلم طاقتوں کی پالیسی کو پروان چڑھایا جارہا ہے ،اس مرتبہ بھی کفریہ طاقتوں اور انکے آلہ کاروں کو ناکامی کا سامنا ہوگا ،اگر مدارس کو ختم کرنے کیلئے کوششیں کی گئیں تو وطن عزیز میں قائم ہزاروں مدارس کے لاکھوں طلبا و علمائے کرام بھر پور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔