( ن) لیگ کی حکومت صوبے بھر کی یکساں تعمیر و ترقی کیلئے بلاتخصیص کام کر رہی ہے‘افتخار احمد وارثی

بدھ 19 مارچ 2014 16:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مارچ 2014ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ( ن) لیگ کی حکومت صوبے بھر کی یکساں تعمیر و ترقی کیلئے بلاتخصیص کام کر رہی ہے اور اب ڈالر کے بعد بجلی اور گیس بحران پر بھی حکومت عوام کو ایک بڑا سرپرائز دے گی -تحصیل گوجر خان کو بنیادی سہولیات زندگی کی فراہمی کے حوالے سے ایک مثالی تحصیل بنانا میرا مشن ہے اور میں اپنے عوام کو پینے کے صاف پانی ، تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک فراہم کروانے میں اپنا کردار ادا کروں گا ، انہوں نے یہ بات اپنے خصوصی بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ ہمارے دعوے محض دعوے ہی نہیں بلکہ ہم جو کہتے ہیں اس پر عمل بھی کرتے ہیں ، گوجر خان میں ہماری جماعت کے راہنماء ایک ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں اور ایک جامع حکمت عملی کے تحت عوام کے مسائل حل کئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈالر کی قیمتوں کو نیچے لا کر ثابت کر دیا ہے کہ اس نے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے پر بھر پور توجہ دی اور اب ہماری حکومت عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی اسی طرح حل کرے گی ، انہو ں نے کہا کہ بجلی اور گیس بحران کے خاتمے کیلئے بہت سارے منصوبے پائپ لائن میں موجود ہیں جو اگلے چند ماہ تک اس قابل ہو جائیں گے کہ ان سے سسٹم کے اندر کافی بجلی آ جائے گی اور لوگوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات مل جائیگی -