پنگریو،علاقے میں ریلیف آپریشن شروع نہ کرنے کے باعث درجنوں متاثرین زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا

منگل 18 مارچ 2014 19:48

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) تھرپارکر سے ملحقہ ضلع بدین کی خشک سالی کی شکار یونین کونسلوں پنگریو، ڈیئی جرکس، مٹھی تھری اور خیرپور گمبو میں غذائی قلت اور مختلف امراض کے باعث ہونے والی اموات اور بہران کا حکومت سندہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا علاقے میں ریلیف آپریشن شروع نہ کرنے کے باعث درجنوں متاثرین زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں حکومت سندہ کی جانب سے اس علاقے کو مکمل طور پر نظرا نداز کرنے اور خشک سالی وقحط کے شکار عوام کو بے یارومدد گار چھوڑنے پر علاقے کی سیاسی و سماجی تنظیموں اور عوامی حلقوں میں حکومت سندہ کے خلاف سخت غم و غصہ پھیل گیا ہے اس ضمن میں ہیومین ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن، ولیج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن، آبادگار اتحاد، سندہ ترقی پسند پارٹی، جئے سندہ قومی محاذ، قومی عوامی تحریک اور دیگر تنظیموں کے عہدیداروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندہ نے خشک سالی و قحط سے متاثرہ یونین کونسلوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے جبکہ ان سے کم متاثرہ علاقوں کو نوازا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ تھرپارکر اور بدین کے بارڈر پر واقع بیراجی یونین کونسلوں میں بارشیں نہ ہونے اور نہری پانی کی مسلسل مصنوئی قلت کے باعث وہی صورتحال ہے جو کہ تھرپار کر میں ہیں مگر ان بیراجی یونین کونسلوں کے متاثرہ عوام کی تاحال کوئی مدد نہیں کی گئی اور انہیں بے یارومدد گار چھوڑ دیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ خشک سالی و قحط کے باعث محض یونین کونسل پنگریو میں چار اموات ہو چکی ہیں جبکہ درجنوں افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں غذائی قلت کے باعث پیدا ہو نے والی بیماریوں کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ایسے حالات میں اس علاقے پر فوری توجہ اور ریلیف آپریشن شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مزید جانی نقصانات سے بچا جاسکے مگر حکومت سندہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی اور ان یونین کونسلوں کے عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے جو کہ ان علاقوں کے عوام سے انتہائی زیادتی اور نا انصافی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت سندہ ان علاقوں کے عوام سے امتیازی سلوک کر رہی ہے ان تنظیموں نے وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس سپریم و سندہ ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور خشک سالی و قحط سے متاثرہ یونین کونسلوں پنگریو، ڈیئی جرکس، مٹھی تھری اور خیرپور گمبو میں ہنگامی ریلیف آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کرکے مزید جانی نقصانات سے بچایا جائے۔