وزیر صوابی کے تمام گاؤں اور مواضعات کو گیس فراہم کی جائیگی،شاہدخاقان عباسی،دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو رعایتی قیمتوں پر گیس فراہم کی جائے، اسد قیصر

منگل 18 مارچ 2014 19:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ضلع صوابی کے تمام گاؤں اور مواضعات کو گیس فراہم کر دی جائے گی۔یہ یقین دہانی انہوں نے اپنے دفتر میں سپیکر خیبر پختونخوااسد قیصر اور ایم این اے محمد عاکف خان سے ملاقات کے دوران کرائی۔ملاقات میں سوئی گیس کی فراہمی کے حوالے سے بات کی گئی۔

صوبے کے مختلف علاقوں ہنگو،کرک،ایم پی اے ہاسٹل میں لوڈ شیڈنگ اور صوابی کے مختلف علاقوں کو نئے کنکشن دینے کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوابی کے عوام مسلسل گیس سپلائی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن ابھی تک ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مارغز،کوٹھا،ٹھنڈا کوئی،زاروبی،انبار اور بہت سے گاؤں کے عوام یہ شکایت کر رہے ہیں کہ ان کے حقوق کا استحصال کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے پڑوسیوں کو یہ سہولیات میسر ہیں۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ لوگوں کے مطالبات کو مسلسل دبانے پر حکومت خیبر پختونخوانے اپنی طرف سے پچاس ملین روپے جمع کرائے لیکن نئے کنکشن پر پابندی کی وجہ سے مسئلہ تا حال حل نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ پابندی ہٹا کر لوگوں کا یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ وہ علاقے جو دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں ان علاقوں کو رعایتی قیمتوں پر گیس فراہم کی جائے تاکہ وہاں کاروبار اور پیداوار میں اضافہ ہو اور لوگ زیادہ سے زیادہ روزگار حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ممبران صوبائی اسمبلی ایم پی اے ہاسٹل میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامناکر رہے ہیں اور میری بار بار مداخلت کے باوجود بھی لوکل اتھارٹی کچھ نہیں کر رہی۔انہوں نے کہا کہ صوابی میں سب ایریا آفس کھولا جائے کیونکہ لوگوں کو معمولی کاموں کے لئے مردان جانا پڑتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے یقین دہانی کرائی کہ سب ایریا آفس ممکن نہ ہوا تو صوابی میں کم از کم SNGPLکا ایک رابطہ دفتر کھول دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس حقیقت کو مد نظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت نے یہ مسئلہ مشترکہ مفادات کی کونسل میں اٹھایا ہے لہذا وفاقی حکومت پابندی میں نرمی کر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔انہوں نے ہنگو اور کرک کو گیس فراہمی کے حوالے سے کہا کہ بہت بڑی تعداد میں ان علاقوں میں گیس ضائع ہو رہی ہے اسی وجہ سے SNGPL خودلوگوں کو گیس فراہم کرے گی جہاں اس کی پیداوار ہوتی ہے تاکہ قیمتی توانائی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :