لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کو کل تک کی ڈیڈ لائن

منگل 18 مارچ 2014 17:49

لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کو کل تک ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کو کل تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیراعظم اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کریں گے۔ لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کی ۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر کمیشن کو جلد ازجلد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کہا گیا ہے ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ صرف کاغذات کو ادھر اُدھر کرنا کوئی پراگریس نہیں۔ عدالت منتوں اور ترلوں پر اتر آئی ہے۔ کیس کی چونتیس سماعتیں ہو چکی ہیں جس کا کسی کو احساس تک نہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ صوبے اور وفاق کے چیف ایگزیکٹوز سے پوچھا جائے گا کہ وہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں کر رہے۔ عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کل صبح ساڑھے نو بجے تک کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :