وزیراعلیٰ پنجا ب شہباز شریف نے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کیلئے 30لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا ،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے کوئٹہ کا دورہ کیا ،فیسٹیول کے بارے میں مشورے دیئے،سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد نواز کو سوینئر پیش کیا گیا، عبدالمالک بلوچ نے وفد کا خیر مقدم کیا

پیر 17 مارچ 2014 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے لئے 30لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر ڈی جی سپورٹس بو رڈپنجاب عثمان انور نے تین رکنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کی معاونت کے لئے کوئٹہ کا دورہ کیا۔ ڈی جی سپورٹس بورڈپنجاب عثمان انور اتوار کے روز کوئٹہ پہنچے جہاں پر انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل خالد نواز جنجوعہ سے ملاقاتیں کیں۔

جس میں ڈی جی عثمان انور نے بلوچستان کے حکام کو پنجاب یوتھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے بریفنگ دی اور بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے بارے میں مشورے دیئے،ڈی جی عثمان انور نے بلوچستان حکومت کو فیسٹیول کے انعقاد کے لئے پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر ڈی جی عثمان انور نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل خالد نواز جنجوعہ کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے سوینئر پیش کئے، ڈی جی عثمان انور نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بلوچستان حکومت کی طرف سے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کرانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور فیسٹیول کے لئے 30لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کی کوئٹہ آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں صوبے مشترکہ طور پر یوتھ اورسپورٹس فیسٹیول کرا سکتے ہیں، اس موقع پر انہوں نے وفد بھجوانے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ مستقبل میں دونوں صوبے ایک دوسرے سے تعاون کرتے رہے گے۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے وزیرا علیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو فون کرکے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کے لئے پنجاب حکومت سے تعاون مانگا تھا جس پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور نے تین رکنی ٹیم کے ساتھ کوئٹہ کا دورہ کیا۔