وزیراعلی خیبرپختونخو ا نے پولیس کی تنخواہوں میں پنجاب پولیس سے بھی زیادہ اضافے کا اعلان کردیا،سپاہی کی تنخواہ میں کم از کم 2600 روپے اضافہ ہوجائے گا اسی طرح بم ڈسپوزل سکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے یونٹ سٹاف کے رسک الاونس میں بھی پانچ پانچ ہزار روپے اضافے، ملاکنڈ اور پشاور ریجن کے سپیشل پولیس اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں تین سال توسیع اور تنخواہوں میں پانچ ہزار روپے فی کس اضافے اور پولیس میں بھرتی سابق فوجیوں کے کنٹریکٹ میں بھی دوسال اضافے اور اُن کی مراعات پولیس کے مساوی رینک کے مطابق بڑھایاجائیگا،پرویزخٹک

پیر 17 مارچ 2014 19:59

وزیراعلی خیبرپختونخو ا نے پولیس کی تنخواہوں میں پنجاب پولیس سے بھی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت اور دہشت گردی کا جراتمندی سے مقابلہ کرنے پر پولیس فورس کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کی تنخواہوں میں پنجاب پولیس سے بھی زیادہ اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر سپاہی کی تنخواہ میں کم از کم 2600 روپے اضافہ ہوجائے گا اسی طرح بم ڈسپوزل سکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے یونٹ سٹاف کے رسک الاونس میں بھی پانچ پانچ ہزار روپے اضافے، ملاکنڈ اور پشاور ریجن کے سپیشل پولیس اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں تین سال توسیع اور تنخواہوں میں پانچ ہزار روپے فی کس اضافے اور پولیس میں بھرتی سابق فوجیوں کے کنٹریکٹ میں بھی دوسال اضافے اور اُن کی مراعات پولیس کے مساوی رینک کے مطابق بڑھانے کا اعلان کیا ہے

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس اضافے سے خزانے پر 2 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے تاہم پولیس کی فرض شناسی اور لازوال قربانیوں کے مقابلے میں یہ اضافہ کوئی معنی نہیں رکھتا البتہ صوبائی حکومت اور یہاں کے عوام اپنی بہادر پولیس فورس سے یہ توقع ضرور رکھتے ہیں کہ وہ ماضی کے برعکس شہریوں سے اپنے رویے میں خوشگوار تبدیلی لائیں گے اور ہماری پولیس فورس کو نہ صرف پاکستان بلکہ دُنیا کی بہترین رول ماڈل پولیس بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر بنائیں گے اُنہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت پولیس کوجدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے علاوہ اُنکی ہر ضرورت پوری کرے گی وہ پولیس لائنز پشاور میں پولیس دربار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ناصر درانی نے سپاسنامہ میں پولیس کو ہر قسم کی سیاسی و انتظامی مداخلت سے پاک کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ اپنی قربانیوں اور جذبہ خدمت کی بدولت خیبرپختونخوا پولیس دُنیا کی بہترین پولیس فورس بن کر اُبھرے گی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنی پولیس پر فخر ہے جس نے کسی مشکل میں میدان نہیں چھوڑا دہشت گردی کا مقابلہ پولیس کا کام نہیں مگر ہماری پولیس نے فوج کی طرح ملک وقوم دشمن عناصر اوردہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہمارے پولیس جوانوں اور شہریوں کی قربانیوں کے طفیل امن کے دن قریب آگئے ہیں اور خوشحالی بھی یہاں ضرور آئے گی ہمیں خوشی ہے کہ ہماری پولیس صوبائی حکومت کی تبدیلی کے مشن میں شامل ہو گئی ہے اور اگر یہ عمل جاری رہا توہمارا معاشرہ جرائم اور کرپشن سے پاک ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی اُنہوں نے کہا کہ ہم نے تمام محکموں کوہر قسم کی بدعنوانیوں، کرپشن اور اقرباء پروری سے پاک کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کیلئے موثر قانون سازی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ یہ تبدیلی عارضی ثابت نہ ہو اور ہر خرابی سے پاک فول پروف نظام چلے سکے، انصاف ، قانون اور میرٹ کی بالادسٹی یقینی بنے اور اداروں پر عوام کا ٹوٹتا ہوا اعتماد واپس بحال ہو

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے ایسا نظا م بنایا ہے جس میں وزیر اعلیٰ سے لیکرتمام حکومتی وزراء و حکام کا احتساب بہت آسان ہوگیا ہے ہم نے پولیس کو ہر قسم کی مداخلت سے پاک کرکے آئی جی پولیس کو کھلی چھٹی دے دی ہے تاکہ وہ عوام کو کچھ کرکے دکھا سکیں ہماری خواہش صرف یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کی پولیس فورس قوم کا قابل فخر سرمایہ بنے اُنہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی سراہنے پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اپنی مثبت تنقید کے ساتھ وہ حکومت کے اچھے اقدامات کی تعریف بھی کرے گا تاکہ ہماری بھی حوصلہ افزائی ہو ہم نے ماضی میں بڑے سیاسی تماشے اور ڈرامے دیکھے جس میں عوام کو زبانی جمع خرچ پر خوش کرکے لوٹ مار کی سیاست ہوتی رہی آج خیبرپختونخوا میں ایسی شفاف حکومت آئی ہے جو پہلے کبھی نہیں آئی تھی پولیس بھی اپنے شہداء کی لاج رکھیں اور عوام کی دعائیں لیں وزیر اعلیٰ نے پولیس آرڈر 2002 سمیت ٹاسک فورس کی تمام سفارشات پر عمل کا یقین بھی دلایا

قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے پولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی لی ،پولیس شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور پولیس لائنز میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا وزیر اعلیٰ نے پولیس ہیڈکوارٹر میں ای لرننگ سنٹر کا افتتاح بھی کیا جسے الیکٹرانک لائبریری اور کرائمز ڈکشنری کے علاوہ جرائم ، سراغ رسانی اور تفتیش و نفسیات سمیت جدید معلومات اور سافٹ ویئر سے مزین کیا گیا ہے وزیر اعلیٰ نے خصوصی لباس پہنے تفتیشی افسران کی نئی ٹیم اور سراغ رساں کتوں کے یونٹ کا معائنہ بھی کیا اورجرائم و بارودی موادکی فوری نشاندہی کے سلسلے میں اس پیش رفت کوسراہا۔

متعلقہ عنوان :