لاہور ،ایڈہاک نرسوں کو 3سالہ کنٹریکٹ دینے کا نوٹیفکیشن جاری،ایل جی ایچ اورمیوہسپتال کی نرسوں میں آرڈرز تقسیم ،تمام کنٹریکٹ نرسوں کو اگلے مرحلہ میں ریگولر کر دیا جائے گا‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا حکم ہے کہ کسی نرس کوبیروزگار نہ کیا جائے‘ سلمان رفیق

اتوار 16 مارچ 2014 22:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا یہ واضح حکم ہے کہ کسی نرس کو بیروزگار نہ کیا جائے اور تمام ایڈہاک نرسوں کو ریگولر کرنے کے لئے کوئی قانونی راستہ نکالا جائے۔ وزیراعلیٰ کے حکم کے مطابق حکومت نے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والی 2800ایڈہاک نرسوں کو قانون کے مطابق 3سال کا کنٹریکٹ دے دیا ہے جس کے بعد انہیں ریگولر کر دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات لاہور جنرل ہسپتال اور میوہسپتال میں ایڈہاک پر کام کرنے والی نرسوں کو 3 سالہ کنٹریکٹ کے آرڈر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ لاہور جنرل ہسپتال میں 67 نرسوں میں نوٹیفکیشن کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر‘ سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ‘ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز‘ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ‘ ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر اور دیگر افسران موجود تھے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سروس رولز کے تحت ایڈہاک نرسوں کو براہ راست ریگولر نہیں کیا جا سکتا تھا جس کی وجہ سے محکمہ صحت نے دیگر متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد درمیانی اور قانونی راستہ تلاش کیا ہے جس میں چند دن لگ گئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی پوری ٹیم کو دھرنا دینے والی بچیوں کے بارے میں سخت تشویش اور فکر تھی کیونکہ بچیاں قوم کی بیٹیاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریگولر نرسوں کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کے لئے بھی 1500 آسامیاں پیدا کی جا رہی ہیں اور ان کے دیگر مسائل بھی حل کر دیئے گئے ہیں۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ نے بھی خطاب کیا۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ بہت عرق ریزی کے بعد نرسوں کو ریگولر کرنے کے لئے راستہ نکالاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریری نوٹیفکیشن کی تقسیم سے دھرنا دینے والی نرسوں کو یقین آ جائے گا کہ حکومت واقعی ان کو ریگولر کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آرڈر وصول کرنے والی نرسیں اپنی دیگر ساتھیوں کو قائل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ اس موقع پر جنرل ہسپتال کی ایک نرس سمیرا نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ہمارے سروں پر لٹکتی ایڈہاک کی تلوار کو ہٹا دیا ہے۔

بعد ازاں خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے میوہسپتال جا کر ایڈہاک پر کام کرنے والی نرسوں میں کنٹریکٹ ملازمت کے آرڈر تقسیم کئے جس پر نرسوں نے اظہار مسرت کیا اور سرکاری ٹیم کو مٹھائی بھی کھلائی۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویزنے بھی خطاب کیا۔