محکمہ صحت نے ایڈ ہاک نرسز کے تین سال کے کنٹریکٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،تمام مراحل تین روز میں مکمل کر لئے جائینگے ،رانا ثنا اللہ ، نرسز کی نمائندگی کا ایشو اور قانونی پیچیدگی کے باعث اس معاملے میں تاخیر ہوئی جو نہیں ہونی چاہیے تھی‘ وزیر قانون کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 16 مارچ 2014 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت نے ایڈ ہاک نرسز کو تین سال کاکنٹریکٹ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام مراحل آئندہ تین روز میں مکمل کر لئے جائینگے، نرسز کی نمائندگی کا ایشو اور قانونی پیچیدگی کے باعث اس معاملے میں تاخیر ہوئی جو نہیں ہونی چاہیے تھی ۔

گزشتہ وز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ایڈ ہاک نرسز کا مطالبہ تھاکہ وہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نہیں آنا چاہتیں جو ایک قانونی پیچیدگی تھی اور اس مشکل کو دور کرنے کیلئے ایڈ ہاک نرسز کو تین سال کا کنٹریکٹ دیا جارہا ہے جسکے بعد انہیں مستقل کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا اصولی فیصلہ تھاکہ نرسز کو انکی ملازمتوں کا تحفظ دیا جائے گا اور اسکے لئے طریق کار اپنانا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور تین روز میں باقی کے مراحل مکمل کر لیں گے اور نوٹیفکیشن میں نرسز کو تین سال کے کنٹریکٹ کے بعد مستقل کرنے کی بات شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو نرسز کے ایشو کو سیاسی پوائنٹ سکورننگ کے لئے استعمال کر رہے ہیں ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے اپنے صوبوں میں اس سلسلہ میں اب تک کیا اقدام اٹھایا ہے ۔

متعلقہ عنوان :