امن و امان کی مخدوش صورتحال اور توانائی کے بحران کے باوجود براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 18فیصد اضافہ

اتوار 16 مارچ 2014 19:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) امن و امان کی مخدوش صورتحال اور توانائی کے بحران کے باوجود براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 18فیصد اضافے سے 60کروڑ 63 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اٹھارہ فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا جارہا تھا ، جس میں ملک میں جاری امن وامان کی خراب صورتحال ،،توانائی بحران ، اور انفراسٹرکچر کے مسائل تھے۔

لیکن رواں مالی سال آٹھ ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ پالیسی سازوں کے لئے اچھی خبرہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے فروری دوہزار چودہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ساٹھ کروڑ تیرسٹھ لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں اکیاون کروڑ بیالیس لاکھ ڈالر تھی۔ فروری دوہزار چودہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سات کروڑ بانوے لاکھ ڈالر رہی ، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے باوجود پورٹ فولیو انویسمنٹ میں اڑسٹھ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ آٹھ ماہ کے دوران پورٹ فولیو انویسمنٹ گیارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر سے کم ہوکر پانچ کروڑ چالیس لاکھ ڈالر رہ گئی۔

متعلقہ عنوان :