وفاقی دارالحکومت میں 15اپریل سے نیا سکیورٹی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے‘ چوہدری نثار علی ،سکیورٹی کیلئے رینجرز کو اضافی ذمے داریاں سونپی جائینگی ، پولیس اور رینجرز کا مشترکہ پٹرولنگ نظام شروع کیا جا رہا ہے، وفاقی وزیر داخلہ

اتوار 16 مارچ 2014 19:55

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں 15اپریل سے نیا سکیورٹی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے مطابق دارالحکومت کی سکیورٹی کے لیے رینجرز کو اضافی ذمے داریاں سونپی جا رہی ہیں، پولیس اور رینجرز کا مشترکہ پٹرولنگ نظام شروع کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ نے بتایا کہ نئے سکیورٹی نظام کے تحت ریٹائرڈ فوجیوں کو بھی وفاقی پولیس میں بھرتی کیا جائے گا، پولیس کو ایلیٹ فورس کی طرز کی تربیت دی جائے گی اور وفاقی پولیس کے گشت کے لئے نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔

وزیرداخلہ نے حکام کو ہدایت دی کہ نئی آپریشنل حکمت عملی اسلام آباد کی گلیوں میں نظر آنی چاہیے ۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے حکام کے خلاف کارروائی کی جائے جو لوگ اس گھناؤنے دھندے میں ملوث ہیں انہیں فورا برطرف کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط رکھنے والے افسران اور اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے۔