اراضی کمپیوٹرائزیشن کا انقلابی منصوبہ رواں سال مکمل ہوگا، عوام کو کرپٹ پٹوار نظام سے نجات ملے گی ‘شہباز شریف،عوام نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے، ملک کو مسائل کے بھنور سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے،توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات ایک کر دیا ہے،قوم کو اندھیروں سے ضرور نجات ملے گی،وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی اورکارکنوں سے گفتگو

اتوار 16 مارچ 2014 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ اربوں روپے عوام کے فلاحی پروگراموں پر خرچ کئے جا رہے ہیں، سرکاری اداروں اورمحکموں کی استعداد کار میں اضافے اور انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحات کی جارہی ہیں، سخت مالیاتی ڈسپلن اور سادگی و کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ دے کر حاصل کئے گئے اضافی وسائل بھی کم وسیلہ طبقات کو سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اورپارٹی کارکنوں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا- انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنے عوامی خدمت کے منشور پر پوری طرح کار بند ہے اور اربوں روپے کے فنڈز سے عوام کی فلاح و بہبود کے پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شفافیت ،میرٹ اور اعلی معیار پنجاب حکومت کا طرہ امیتاز ہے- عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپارٹی پر جو اعتماد کیاہے اس پر پورا اتریں گے-ملک و قوم کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں اور جدوجہد جاری رکھیں گے وطن عزیز کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لائیں گے اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ سابق ادوار کی حکومتوں کی غفلت اورنااہلی کے باعث توانائی کا بحران سنگین مسئلہ بن چکا ہے- صنعت و زراعت کی ترقی ، سرمایہ کاری ،تجارتی سرگرمیوں کے فروغ ، غربت ، بیروزگاری اور عوام کی معاشی مشکلات میں کمی لانے کے لئے توانائی بحران پر قابو پانا بے حد ضروری ہے- پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی توانائی کے مسئلے کو اپنی پہلی ترجیح بنایا اور توانائی کے شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے عملی اقدامات کئے- وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ملک و قوم کو توانائی کے بحران سے نکالنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے- موجودہ حکومت کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بڑی تعداد میں توانائی سمیت انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں- توانائی کے بحران سے نمٹنے کے حوالے سے ہماری سنجیدگی کے پیش نظر چین، ترکی ، جرمنی ، کینڈا اور دیگر ممالک کی توانائی کی کمپنیاں حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدے کر رہی ہیں- انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں طے پائے گئے معاہدوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ہیں- پنجاب حکومت صوبے میں توانائی کے منصوبوں پرتیزی سے کام کررہی ہے- کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس لگانے کے لئے برق رفتاری سے کام جاری ہے- انشاء الله ہماری شب وروز کی محنت اور کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی اور توانائی کا بحران ختم ہوگا-ملک کے اندھیرے دور ہوں گے- صنعتکاری کا عمل تیز ہوگااور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے- وزیراعلیٰ نے کہاکہ اچھی طرز حکمرانی کا فروغ ، کرپشن کا خاتمہ،شفافیت، میرٹ پالیسی پر عملدرآمد عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانا ہمیشہ ہمارا مشن اور طرہ امتیاز رہاہے- فرسودہ نظام عوام کے لئے وبال جان بن چکا ہے- پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کو اس گلے سڑے نظام سے نجات دلانا چاہتی ہے- اسی مقصد کے پیش نظر سرکاری اداروں کی استعداد کار میں بہتری لانے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے صوبے کے سرکاری اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا گیا ہے- عوام کے پراپرٹی کے معاملات کو شفاف بنانے کے لئے اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ رواں برس کے آخر تک پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے شفاف اور موثر نظام سامنے آئے گا جس سے عوام کو پٹواری کے استحصال سے نجات ملے گی اور شفاف و درست معلومات کا حصول ، رشوت کا خاتمہ اور اراضی کے ریکارڈ کا تحفظ ممکن ہوگا-اراکین اسمبلی اور پارٹی کارکنوں نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے عوام کے فلاح کے پروگراموں ، سرکاری اداروں کی استعدادکار بڑھانے اور عوام کو خدمات کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کاوشوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ یقینا شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب ترقی کے لحاظ سے ماڈل صوبہ بنے گا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا-انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں سے غریب گھرانے مستفید ہورہے ہیں اورانتہائی کم وسیلہ طبقات کے لئے ریلیف کی فراہمی کے اقدامات قابل ستائش ہیں-

متعلقہ عنوان :