جماعةالدعوة پاکستان کا تھرپارکر کے قحط زدہ علاقوں میں 100مزید کنویں اور ہینڈ پمپ کی تعمیر کا اعلان ،سندھ کے مختلف دور دراز علاقوں میں پانچ سو واٹر پروجیکٹس کی تعمیر کا عمل پہلے سے مکمل کیاجاچکا ہے

اتوار 16 مارچ 2014 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) جماعةالدعوة پاکستان نے تھرپارکر کے قحط زدہ علاقوں میں 100مزید کنوؤں اور ہینڈ پمپ کی تعمیر کا اعلان کر دیا،سندھ کے مختلف دور دراز علاقوں میں پانچ سو واٹر پروجیکٹس کی تعمیر کا عمل پہلے سے مکمل کیاجاچکا ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے قحط زدہ علاقوں میں اٹھارہ لاکھ روپے مالیت کی ایک اور کھیپ بھجوائی گئی ہے جس میں ساڑھے چار سوسے زائد متاثرہ خاندوں کیلئے ایک ماہ کا خشک راشن شامل ہے۔

کراچی، حیدرا ٓباد اور دیگر علاقوں سے مزید رضاکار بھی بھجوائے گئے ہیں۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی بہت بڑا مسئلہ ہے۔ پانی نہ ملنے سے ہر سال انسانوں اور جانوروں کی بڑی تعداد موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

جماعةالدعوة نے پچھلے کئی برسوں سے تھرپارکر اور سندھ کے دیگر دور دراز علاقوں میں کنوؤں اور ہینڈ پمپ کی تعمیر کا آغاز کر رکھا ہے۔

اب تک کروڑوں روپے مالیت سے پانچ سو سے زائد واٹر پروجیکٹس مکمل کئے جاچکے ہیں اور ان شاء اللہ آنے والے دنوں میں ہم مزید 100کنوؤں اور ہینڈ پمپ تعمیر کروائیں گے جس سے یہاں کے مقامی لوگ بھرپور انداز میں فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ جماعةالدعوة کے رضاکار تھرپارکر کے دوردراز علاقوں میں قحط سے متاثرہ لوگوں کی امداد میں مصروف ہیں۔

صحرائے تھر میں متاثرین کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ اشیائے خور و نوش کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہم نے لوگوں کے معمولات زندگی بحال کرنے کیلئے ایک ماہ کے خشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ متاثرین کی مشکلات کم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن جماعةالدعوة کے رضاکار اونٹوں کے ذریعہ دور دراز کے دیہاتوں و علاقوں میں خشک راشن، دودھ، صاف پانی ، جوس، بسکٹ اور دیگر اشیائے خورونوش پہنچا رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ جب تک متاثرین کے معمولات زندگی بحال نہیں ہوجاتے ہم امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :