سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی سماعت کے لیے چھ بنچ تشکیل دیدئیے گئے

اتوار 16 مارچ 2014 14:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی سماعت کے لیے چھ بنچ تشکیل دیدئیے گئے ہیں ،3 فل بنچ، ایک پانچ رکنی لارجربنچ اور 2 ڈویژن بنچ کل 17مارچ سے21تک مقدمات سنیں گے۔چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کل پیر کو اسلام آباد کچہری حملہ کے علاوہ تھر میں قحط اور خوراک کی عدم دستابی کے بارے ازخود نوٹس مقدمے کی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس کا بنچ اس روز سو سے زیادہ ججوں کو ہٹانے کے فیصلے کے دوبارہ جائزہ لینے کے لیے دائر کیس بھی سنے گا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ انتخابی اصلاحات کے فیصلے پرعمل درآمد ،گزشتہ عام انتخابات کے دوران 4 حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی تصدیق انگوٹھے کے نشان سے کرانے کے بارے میں تحریک انصاف کی درخواست اور بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے بارے میں مقدمات کی سماعت بھی کرے گا۔جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ ایل پی جی کوٹا کو غیرقانونی قرار دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کا مقدمہ سنے گا جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی فل بنچ تھری جی اور فور جی اسپیکٹرم لائسنس کی نیلامی کے علاوہ اوگرا کرپشن کیس کے فیصلے پرعمل درآمد کے بارے مقدمے کی سماعت کرے گا۔

متعلقہ عنوان :