مذہبی جذبات مجروح کرنیوالے مواد کی روک تھام کیلئے سافٹ وئیر تیار کر لیا ،یوٹیوب پر سے جلد پابندی ختم کر دی جائیگی‘پرویز رشید،دہشتگرد اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتے ہیں ،بندوق کے زوز پر عوام کو کنٹرول کرنیکی اجازت نہیں دی جا سکتی،حکومت ایسا کرنے والوں کیخلاف سر گرم ہے،ڈالر کی قیمت 98 روپے پر آنے سے عام عوام کو ریلیف ملے گا ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 16 مارچ 2014 14:39

مذہبی جذبات مجروح کرنیوالے مواد کی روک تھام کیلئے سافٹ وئیر تیار کر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والے مواد کی روک تھام کیلئے سافٹ وئیر تیار کر لیا ہے اوراب یوٹیوب پر سے جلد ہی پابندی ختم کر دی جائیگی،دہشتگرد اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن بندوق کے زوز پر عوام کو کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،ڈالر کی قیمت 98 روپے پر آنے سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے اور اس سے عام عوام کو ریلیف ملے گا ، انتہا پسندی اور دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے میڈیا کا بھی اہم کردار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ایوان اقبال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ہٹ دھرمی ختم کرنا ہوگی اور دہشتگردوں کے خلاف میڈیا کو عوام میں شعور بیدار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن کے قیام میں صوبائی حکومتوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، امن مذاکرات کرنے والوں نے بھی دہشتگردوں سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن بندوق کے زور پر عوام کی زندگی کو کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اور دوسروں پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے والوں کے خلاف حکومت کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اس بات پر مجبور کرتے ہیں کہ ان کے خیالات درست ہیں ، کیا یہ ریاست کے مفاد میں ہے کہ دہشتگردوں کو زندہ رکھا جائے ۔

حکومت صحافیوں کو تحفظ دینا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے حکومت کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔امن کے قیام کے لئے صوبائی حکومتوں کی ذمہ داریاں بھی بڑھی ہیں ۔

پرویز رشید نے کہا کہ معاشرے کے عمومی رویے میں صرف حکومتوں کی کاوشیں تبدیلی نہیں لا سکتی ۔اگر ریاست اور سوسائٹی راضی ہو جائے تو اس طرح کی کاوشیں زیادہ بہتر طریقے سے کامیاب ہو سکتی ہیں ۔

انہوں نے ڈالر کی قدر میں کمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ،ڈالر کی قیمت 98 روپے پر آنے سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے اور اس سے عام عوام کو ریلیف ملے گا اور ڈالر 98 روپے پر ہی مستحکم رہے گا۔ انہوں نے یوٹیوب پر سے پابندی ہٹائے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس کے لئے سوفٹ وئیر تیار کر لیا گیا ہے اب مذہبی جذبات مجروح کرنے والے مواد کی روک تھام ہو سکے گی ۔ یوٹیوب پر سے جلد ہی پابندی ختم ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :