ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے کئی رابطہ سڑکیں بند، غذر میں برف باری اور وبائی امراض سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 8 تک ہوگئی، اگلے دو دن کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے‘محکمہ موسمیات

اتوار 16 مارچ 2014 13:01

اسلام آباد‘گلگت‘ چترال‘ مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث سردی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔ برف باری سے کئی رابطہ سڑکیں اب تک بند ہیں۔ غذر میں برف باری اور وبائی امراض سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 8 تک ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر کے بالائی علاقوں میں گزشتہ دو روز سے شدید برف باری ہورہی ہے اور اس دوران دو فٹ برف گرچکی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں وقفے وقفے بارش کی وجہ سے ٹھنڈ مزید بڑھ گئی۔

شدید برفباری کے باعث تحصیل گوپس کے بالائی علاقوں کازمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ادھرسردی کی وجہ سے بچوں میں امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں جس کے باعث گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 8 بچوں کی ہلاکت بھی ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت اور ڈی پی او غذر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے فوری طور پر ڈاکٹروں کو ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔چترال شہر میں بارش اوربالائی پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، کیل اور وادی نیلم کے بند راستوں پر سے برف ہٹائی جارہی ہے۔پنجاب اور سندھ میں موسم آہستہ آہستہ گرم ہوتا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو دن کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔