Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس شہداء کے لواحقین کیلئے مالی امداد 5کروڑ روپے کرنے کا اعلان،مفت گھر بھی دیئے جائیں گے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس شہداء قوم کے جانبازسپوت ہیں،پوری قوم کو ان کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے ‘ شہباز شریف ، فرض کی ا دائیگی کے حوالے سے سخت احتساب ہوگا ، مظلوموں اور بے بس افراد کو انصاف دلانے کیلئے جو کچھ بس میں ہوا کروں گا، دہشت گردی کے واقعات ہمارے عز م او رحوصلے کو پست نہیں کر سکتے ، معاشرے سے انتہاء پسندی ا و ردہشت گردی کا خاتمہ کرینگے، دہشت گردوں کو عبرتناک سبق سکھائیں گے،پاک وطن کودہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر دیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں 16ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:46

وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس شہداء کے لواحقین کیلئے مالی امداد 5کروڑ روپے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے پولیس اور پاک افواج کے افسر اور جوان قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم کو ا ن کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے، پاک افواج کے سا تھ پولیس نے بھی عوا م کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ، پولیس اور پاک افواج کے شہداء کی قربانیوں کا کوئی نعم ا لبدل نہیں ، پنجاب حکومت نے پولیس شہداء کے لواحقین کیلئے مالی معاوضہ ایک کروڑ روپے کیا تاہم آج میں پولیس شہداء کے لواحقین کیلئے معاوضہ میں 4کروڑ روپے کے ا ضافے کا اعلان کر رہاہوں، آئندہ سے پولیس شہداء کے لوا حقین کو 5کروڑ روپے کی مالی امداد دی جائے گی، شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات تعلیم مکمل ہونے تک پنجاب حکومت برداشت کرے گی ، شہداء کے لواحقین کا علاج معالجہ مکمل فری ہوگا او رحکومت لواحقین کو مفت گھر بھی دے گی ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز یہاں ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر 16ویں پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات و قانو ن رانا ثناء الله ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد ،انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول ، اعلیٰ سول و پولیس حکام کے علاوہ پاس آؤٹ ہونے والے کمانڈوز کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک نازک دور سے گزر رہاہے۔ملک کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامناہے۔ انتہا پسندو ں نے ا سلام اور پاکستان دونو ں کو دنیا میں بدنام کیاہے۔معصوم لوگوں کا قتل عام کیا جا رہاہے۔ معیشت کو بے پنا ہ نقصان پہنچاہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے ایلیٹ پولیس فورس کو جدید او ربہتر عملی تربیت دینے کے لئے ا قدامات اٹھائے ہیں تا کہ ماضی میں دہشت گردی کے خلاف موثر انداز میں کا م کرنے والی فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بہترین عملی تربیت کے باعث ایلیٹ پولیس فورس کامعیار بلند ہواہے ۔ عملی تربیت نے ایلیٹ پولیس فورس میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیاہے جس سے ایلیٹ پولیس فورس کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید نکھار آئے گا ا ور نظم و ضبط مزید بہتر ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ مادر وطن کو انتہاء پسندی کی جنگ کا سامنا ہے اور اس جنگ میں پنجاب پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔

تخریب کارانہ کارروائیاں اور دہشت گردی کے واقعات ہمارے عز م او رحوصلے کو پست نہیں کر سکتے ۔ معاشرے سے انتہاء پسندی ا و ردہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور دہشت گردوں کو عبرتناک سبق سکھائیں گے اور پاک وطن کودہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر دیں گے ۔ایلیٹ پولیس فورس کے جوان اور افسر ملک وقوم کی خدمت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں۔ پنجاب حکومت نے ایلیٹ پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے ہیں ۔

ایلیٹ پولیس فورس ایک پیشہ ورانہ منظم فورس ہے ،ہم نے اس فور س کو کبھی سیاسی مقاصد اور ذاتی انتقام کے لئے استعمال نہیں کیا جس سے فور س میں صاف ستھرے کلچر کو فروغ حاصل ہواہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے 2008میں پنجاب پولیس کے افسروں اور جوانوں کی تنخواہ کو ڈبل کیا تھا اور شہداء پیکیج 3لاکھ روپے سے بڑھا کر 30لاکھ روپے کیا گیا تھا تاہم موجودہ حکومت کے دور میں شہداء پیکیج کو ایک کروڑ روپے کیا گیا اور اب شہداء پیکیج کو بڑھا کر5کروڑ روپے کیا جا رہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ شہداء قوم کے سروں کے تاج ہیں کیونکہ وہ ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں لہذا شہداء کے لواحقین کی مدد کے لئے پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کریں گے ۔شہداء ملک و قوم کے عظیم جانباز ہیں جن کے لواحقین کے لئے نان و نفقہ کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ نے مظفر گڑھ میں طالبہ کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ جہاں پنجاب پولیس میں ایماندار ، بے باک، قابل افسر اور سپاہی موجود ہیں وہاں پر حوا کی بیٹی کے ساتھ ناانصافی کا بد ترین واقعہ پیش آیا اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔

یہ ظلم و زیادتی کا شرمناک واقعہ ہے۔ 5جنوری کو طالبہ کے ساتھ واقعہ پیش آیا لیکن آج 15مارچ ہے اس دوران اسے انصاف نہ ملا، کسی نے میڈیکل رپورٹ یا فرانزک لیب سے ٹیسٹ نہیں کرائے، کسی کو خوف خدا آیا نہ کسی کواپنی ذمہ داری کا احساس ہوا ۔ یہ مظلوم بیٹی 2بار ڈی پی او کے پاس گئی لیکن و ہاں سے بھی شنوائی نہ ہوئی، آخر اس کا جرم کیا تھا کہ وہ غریب کی بیٹی ہے ۔

انصاف ہار گیا اور طالبہ احتجاج کرتے ہوئے دنیا سے چلی گئی ، انصاف کا جنازہ نکل گیا۔

انہوں نے کہاکہ پولیس کو غریب اور مظلوم کی دا د رسی کے لئے ا پنے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں۔اگر آپ غریب کی داد رسی کریں گے تو عرش بھی مدد کرے گا۔ مجھے اس اندوہناک واقعہ نے خون کے آنسو رلا دیاہے، کروڑوں آنکھیں اشکبار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ معصوم طالبہ ماتم کرتے ہوئے الله کے پاس چلی گئی اور جب الله کی عدالت لگے گی توسب کو جوابدہ ہونا ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کے بعد سب کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ،آئندہ ایسا افسوسناک واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا ، فرض کی ا دائیگی کے حوالے سے سخت احتساب ہوگا ۔ مظلوموں اور بے بس افراد کو انصاف دلانے کے لئے جو کچھ بس میں ہوا کروں گا۔ ایماندار اور فرض شناس پولیس اہلکار دین اور دنیا میں جنت کما رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاس آؤٹ ہونے والے 1066 کمانڈوز اور کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پاس آؤٹ کمانڈوز اور ان کے ٹرینرز کیلئے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔انسپکٹر جنرل پولیس خان بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے وژن کے تحت ایلیٹ پولیس فورس کی تشکیل کو عملی جامہ پہنایا گیاہے او ر آج یہاں پر جدید تقاضوں کے مطابق عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انسداد دہشت گردی فورس اس ماہ کے آخر تک ایلیٹ سکول میں تربیت کا آغاز کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے سکول میں فورس کی تربیت کیلئے جدید ایریا کا افتتاح کیا۔تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کمانڈوز کو سند امتیاز اور نقد انعامات دئیے۔ اجتماعی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر عمر کمپنی کے انسپکٹر محمد امان کو ٹرافی دی گی۔ وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور بعد میں پاس آؤٹ ہونے والے کمانڈوزنے سلامی دی۔تقریب کے دوران کمانڈوز نے مارشل آرٹ، فائرنگ ،دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اور ٹاور بلڈنگ کراسنگ کے شاندار مظاہرے پیش کئے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات