پنجاب یوتھ فیسٹیول ،مائیکرو سافٹ کے تعاون سے ”ہیکا تھون“ ایونٹ کا انعقاد ،پنجاب کی یونیورسٹیز کے 600 طلبہ کو کمپیوٹر اور سمارٹ فون کی اپلیکشنز بنانے کا ٹاسک دیا گیا ، اسطرح کے ایونٹس کے انعقاد سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے سنہری مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں ‘نمائندہ سافٹ ویئر

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014کے سلسلے میں مائیکروسافٹ کے تعاون سے ”ہیکاتھون ایونٹ“کا انعقاد کیا گیا ۔پنجاب سپورٹس جمنازیم میں منعقد کیے جانے والے اس ایونٹ میں پنجاب بھر کی یونیورسٹیز کے طلبہ کو کمپیوٹراور سمارٹ موبائل فون سے منسلک ایپلیکیشنز بنانے کاٹاسک دیا گیا۔ طلبہ و طالبات مائیکروسافٹ کے نمائندوں کی نگرانی میں اپنے پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔

ہیکاتھون میں ایپلیکیشنز کی چار مختلف کیٹگریز پر کام ہورہا ہے جس میں نئی ایجاد ، گیمز، پاکستان کو کمپیوٹر کے استعمال کے ذریعے بہتر بنانے اور زیادہ سے زیادہ ایپس بنانے کا ٹاسک شامل ہے۔چاروں کیٹگریز میں مختلف یونیورسٹیز اور تعلیمی اداروں کے 600 سے زائد طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شرکاء کی جانب سے مکمل کئے جانے والے پراجیکٹس مائیکرو سافٹ کو جمع کرائے جائیں گے جن کا جائزہ لینے کے بعد حتمی نتیجے کا اعلان کیا جائے گا۔

مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں مائیکروسوفٹ کی جانب سے 26 سمارٹ موبائل فون، 2 ٹیبلٹس اور ایک لیپ ٹاپ انعام میں دیا جائیگا۔ پاکستان میں اس طرح کے مقابلوں کا پہلی مرتبہ انعقاد کیا جارہا ہے۔ ایونٹ کے انچارج اور مائیکروسافٹ کے پاکستان میں نمائندے طاہر مسعود کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایسے ایونٹس کے ذریعے منظر عام پر لارہی ہے ۔

ان کاکہنا تھااس ایونٹ میں طلبہ و طالبات نے گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جو خوش آئندہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں بھی اسطرح کے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا رہا تو نوجوانوں کو بہت کچھ سیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ اس پروگرام کی افادیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا موجودہ صدی کمیپیوٹر کی صدی کہلاتی ہے اس حوالے سے کمپیوٹرسافٹ وئیر سے منسلک ایسے ایونٹس کا انعقاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :