پنجاب یوتھ فیسٹیول،”کریک دی کیس “مقابلہ لاہور سکول آف اکنامکس نے جیت لیا ،پی آئی اے کو درپیش مسائل کا بہترین حل رباب عصمت زہرا نے دیا ، ہیلے کالج کے حمزہ نے دوسری ،پنجاب یونیورسٹی کے انوش خالد نے تیسری پوزیشن لی،ہمارے نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے‘ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول 2104 کے سلسلہ میں ہونے والا”کریک دی کیس“مقابلہ لاہور سکول آف اکنامکس نے جیت لیا ۔پنجاب سپورٹس جمنیزیم میں ہونے والے اس ایونٹ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان تھے۔ پروگرام کا مقصد ملکی مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کرنا تھا اس حوالے سے4 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے پروگرام میں انوش خالد،رباب عصمت زہرا،عثمان سعید،ابوزر امین ،ایم سلیمان ،علی نوید،مدثر احمد، سید ناصر،ضیاء اللہ خاں،سدرہ تبسم اور سید حذیفہ بخاری کی سربراہی میں قائم 11 ٹیموں نے " کریک دی کیس" فائنل مرحلے میں پی آئی اے کی مشکلات پرطویل بحث کے بعدان مسائل کے حل کے لئے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں ۔

اس موقع پر سب سے بہتر حل پیش کرنے پر لاہور سکول آف اکنامکس کی رباب عصمت زہرا نے پہلی،ہیلے کالج کے حمزہ شفیق نے دوسری اور پنجاب یونیورسٹی کے انوش خالد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کے دل کی آواز ہے ۔حکومت پنجاب جہاں دیگر شعبوں میں نوجوانوں کے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے وہیں اس نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے ہنر مند نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول نے جہاں نوجوانوں کی ترقی کے دروازے کھولے ہیں وہیں پاکستان کا بہتر اور مثبت تاثر دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری قوم کے نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جس پر پوری قوم کو نازہے۔