سوات کے عوام کے تمام مسائل حل کریں ،دہشت گردی کیخلاف جنگ ہو، سیلاب یا ترقیاتی کام ہوں ، آئندہ بھی عوام کا ساتھ دیتے رہیں گے، مشیر وزیراعظم

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:37

ملاکنڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدرامیر مقام نے کہا ہے کہ انہوں نے سوات کے عوام کا ہر مشکل میں ساتھ دیا ہے ،خواہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو ،خواہ سیلاب ہوں ،خواہ ترقیاتی کام ہوں ،آئندہ بھی ساتھ دیتے رہیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پورن ہاؤس سنگوٹہ سوات میں بونیر سوات اور مالاکنڈکے وفودسے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) سوات کے صدر قیموس خان بھی موجود تھے ، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اپر سوات میں پہلے ہی واپڈا ڈویژن اور چار باغ مدین میں سب ڈویژن کی منظوری دی جاچکی ہے ،انہوں نے کہا کہ چارباغ فیڈر پر کام جاری ہے ،اور نادرا کے مراکز بھی جلد کھول دیئے جائیں گے ، جن کی منظوری پہلے ہی ہو چکی ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں ملک میں خون بہائے بغیر امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ، انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس ملک میں امن نہیں چاہتے ان کے خلاف کاروائی ضرور ہوگی ،انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین حکمت علی کے باعث ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر کو نیچے لایا گیا ،اور ملک میں زر مبادلہ کے زخائز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ہماری حکومت نہایت سنجیدگی سے کوششیں کر رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا نام و نشان مٹا دیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ سستی بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ،قبل ازیں پی کے 86کے ایک جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکش اور بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بھر پور حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :