مشرف کو سزا دینا آئینی تقاضا ہے ،چوہدری برجیس طاہر، قانون سے برترکوئی چیز نہیں ، عدلیہ کی بالادستی کی جنگ لڑی ،سانگلہ ہل میں وفاقی وزیرکاخطاب

ہفتہ 15 مارچ 2014 19:34

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہا ہے کہ مشرف کو بالآخر عدلیہ کا سامنا کرنا ہی پڑے گا، قانون سے برترکوئی چیز نہیں ۔ ہم نے آئین اور عدلیہ کی بالادستی کی جنگ لڑی ہے اس کے وقار میں اضافے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے سانگلہ ہل میں جشن بہاراں کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ مشرف اس ملک کے آئین ، عدلیہ اور عوام کے مجرم ہیں ۔مشرف کو سزا دینا نہ صرف عوامی مطالبہ بلکہ اہم آئینی و قانونی تقاضہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مشرف کیس سے ثابت ہوگیا کہ اس ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہوچکی ہے جو لوگ کسی دوسری یا تیسری قوت کی بالادستی کی بات کرتے تھے وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں ۔ آئین کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے سے نہ صرف قانون کے تقدس میں اضافہ ہوگا بلکہ آئندہ کوئی شخص غیر آئینی طریقے سے اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہونے کی جرأت نہیں کرسکے گا۔