ایک فرد واحد کے سوا تمام پختون میرے بیٹے ہیں، بیگم نسیم ولی

ہفتہ 15 مارچ 2014 13:14

ایک فرد واحد کے سوا تمام پختون میرے بیٹے ہیں، بیگم نسیم ولی

چارسدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء)عوامی نیشنل پارٹی ولی کی مرکزی رہنما بیگم نسیم ولی خان نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستانی بیوروکریسی نے مل کر اسفندیار ولی خان کو ایسا استعمال کیا ۔جس سے پختونوں کے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔ایک فرد واحد کے سوا تمام پختون میرے بیٹے ہیں۔ دعا ہے کہ امن مذاکرات کامیاب ہوں مگر بظاہر مذاکرات سے کوئی بڑی امید وابستہ نہیں کرنی چاہیے۔

اسفندیار ولی خان باچاخان اور ولی خان کی سیاست اور پختون قوم کی ننگ وناموس امریکا پر فروخت کرچکے ہیں۔وہ ولی باغ چارسدہ میں ملگری وکیلان مردان بار کے وکلا کی اے این پی ولی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔بیگم نسیم ولی خان نے کہاکہ اے این پی کے سابق دور حکومت میں اسفندیار ولی خان ٹولے نے باچاخان اور ولی خان کی سیاست کا جنازہ نکال کر پیسے اور کرپشن کی سیاست کو فوقیت دی جس سے باچا خان اور ولی خان کی سیاسی جدوجہد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

انھوں نے اسفندیار ولی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ امریکا سے پختونوں کے سروں کا سودا کرکے بیرونی ممالک ملائیشیا، دبئی اور فرانس وغیرہ میں کھربوں کے اثاثے بنائے اور4,4 کروڑ روپے کی بلٹ پروف گاڑیوں میں گھوم پھرکر پختون کی بے بسی کا تماشہ دیکھتے رہے ۔ولی خان پر 4 بار قاتلانہ حملے ہوئے مگر انھوں نے کبھی پختون روایات کو پامال نہ ہونے دیا اور اپنی قوم کے درمیان رہے۔