ڈرون حملے پاکستان کے کہنے پر بند نہیں ہوئے، سرتاج عزیز

ہفتہ 15 مارچ 2014 11:35

ڈرون حملے پاکستان کے کہنے پر بند نہیں ہوئے، سرتاج عزیز

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے ہمارے کہنے پر یا طالبان سے مذاکرات کے لیے کسی معاہدے کے تحت بند نہیں کیے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دورہ امریکہ میں امریکی صدر براک اوباما کو ڈرون حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا تھا تاہم ڈرون حملوں کی بندش کے حوالے سے کوئی مفاہمت طے نہیں پائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے باقاعدہ طور پر پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا ہے اور نہ ہی وہ کرے گا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ امریکی صدر نے ڈرون حملوں کے بارے میں پاکستان کے موقف کو سمجھا ہے۔

(جاری ہے)

طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ڈرون حملے بند کرنے کے سوال پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان طالبان سے مذاکرات کے دوران ڈرون حملے بند کرنے کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے، طالبان سے مذاکرات کا مقصد ملک کو دہشت گردی سے نجات د لانا ہے لیکن امن کے مخالف طالبان گروپوں کے خلاف کارروائی کیا جائے گی، شمالی وزیرستان کے علاوہ ضرورت پڑنے پر کراچی سمیت ملک کے ہر حصے میں شدت پسندوں کے اتحادیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے کے تمام ممالک کو افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی اپنانا ہوگی، افغانستان میں عدم مداخلت اب پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بھی بنیادی حصہ ہے اور دوسرے ممالک کو بھی افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی اپنانا ہو گی۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالرز کے قرضے کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، پاکستان خطے میں اور عالم اسلام میں اپنی غیر جانبدارانہ پالیسی پر گامزن رہےگا، پاکستان کو کوشش ہو گی کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرے، شام کے حوالے سے بھی پاکستان اپنی غیر جانبدارانہ پالسی پر قائم ہے اور انھوں نے ان خبروں کی بے بنیاد قرار دیا کہ پاکستان سعودی عرب کے کہنے پر شدت پسندوں کو شام بھیجے گا۔

متعلقہ عنوان :