وقت آگیا ہے حکومتی کمیٹی اور طالبان کو ایک ساتھ بٹھانا ہے،ایک دو روز میں نئی حکومتی کمیٹی سے ملاقات ہوگی ‘ مولانا سمیع الحق،حکومتی کمیٹی کو طالبان کے پاس لے کرجائینگے اور ملاقات کرائینگے،طالبان کمیٹی کے اراکین مطمئن ہو کر لوٹے ہیں‘میڈیا سے گفتگو،طالبان شوری سے ملاقات مثبت رہی اور اب حکومتی کمیٹی کے اراکین کو بھی طالبان شوری سے ملاقات کیلئے جلد وزیرستان لیکر جائینگے‘ پروفیسر ابراہیم

جمعہ 14 مارچ 2014 21:32

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) طالبان کی طرف سے مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومتی کمیٹی اور طالبان کو ایک ساتھ بٹھانا ہے،امید ہے کہ ایک دو روز میں نئی حکومتی کمیٹی سے ملاقات ہوگی اور حکومتی کمیٹی کو طالبان کے پاس لے کرجائیں گے اور ملاقات کرائیں گے،طالبان کمیٹی کے اراکین مطمئن ہو کر وزیرستان سے لوٹے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے طالبان کمیٹی کے اراکین طالبان کی سیاسی شوری سے شمالی وزیرستان میں ملاقات کے بعد واپس اکوڑہ خٹک پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کمیٹی نے دروازے کھول دئیے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومتی کمیٹی اور طالبان شوری براہ راست مل بیٹھیں۔

(جاری ہے)

طالبان کمیٹی کے اراکین مطمئن ہو کر وزیرستان سے لوٹے ہیں، اراکین نے ملاقات میں طالبان شوری کو نئی حکومتی کمیٹی کے حوالے سے آگاہ کیا جس کا طالبان نے خیرمقدم کیا، طالبان کمیٹی کسی بھی وقت حکومتی کمیٹی سے ملاقات کے لیے تیار ہے، امید ہے ایک دو روز میں نئی حکومتی کمیٹی سے ملاقات ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کمیٹی نے دروازہ کھول دیا اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومتی کمیٹی اور طالبان براہ راست ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں، اس ملاقات میں طالبان کمیٹی کے اراکین بھی موجود رہیں اور کوشش ہو گی کہ دونوں جانب سے لچک کا مظاہرہ کیا جائے۔قبل ازیں اکوڑہ خٹک پہنچنے پر کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ طالبان شوری سے ملاقات مثبت رہی اور اب حکومتی کمیٹی کے اراکین کو بھی طالبان شوری سے ملاقات کے لیے جلد وزیرستان لے کر جائیں گے جہاں طالبان خود ان کے سامنے اپنے مطالبات رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی اور طالبان کے درمیان ملاقات کے موقع پر طالبان کمیٹی کے ارکان بھی وہاں موجود رہے گی۔واضح رہے کہ طالبان کمیٹی کے اراکین پروفیسر ابراہیم خان، مولانا یوسف شاہ اور مولانا عبدالحئی گزشتہ روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے شمالی وزیرستان پہنچے جہاں انہوں نے نامعلوم مقام پر طالبان شوری سے ملاقات کی۔