لاہور ہائیکورٹ نے سرکلر ڈیٹ کی مد میں 480ارب روپے کی ادائیگیوں کی آڈٹ رپورٹ طلب کر لی،ڈالر کی قیمت میں کمی اور سرکلر ڈیٹ کی ادائیگیوں کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیوں ختم نہیں ہو رہی ، معزز عدالت کا استفسار

جمعہ 14 مارچ 2014 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 7اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے 480ارب روپے کی فراہمی کے حوالے سے آڈٹ رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیاجبکہ معزز عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ بلوں کی ادائیگی کرنے والے صارفین کو زائد بل بھجوا کر بجلی چوروں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے،عدالت نے استفسار کیا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی اور سرکلر ڈیٹ کی مد میں ادائیگیوں کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیوں ختم نہیں ہو رہی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطابندیال نے کیس کی سماعت کی ۔در خواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود حکومت نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے او اسکی وجہ سے معیشت شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔عدالت نے مزید سماعت سات اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی جوائنٹ سیکرٹری بجلی و پانی کو طلب کرتے ہوئے سرکلر ڈیٹ کی مد میں 480ارب روپے کی ادائیگیوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔