Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت ”تعلیم کے ا نصاف“ کے لئے پر عزم ہے ،شاہ فرمان، قابل اور غریب طلباء کی محنت کی حق تلفی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،امتحانی مراکز میں نقل کے رحجان میں ملوث مافیا کی سرکوبی کیلئے حکومت کی جانب سے بھرپو ر اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعہ 14 مارچ 2014 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ”تعلیم کے ا نصاف“ کیلئے پر عزم ہے قابل اور غریب طلباء کی محنت کی حق تلفی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔امتحانی مراکز میں نقل کے رحجان میں ملوث مافیا کی سرکوبی کیلئے حکومت کی جانب سے بھرپو ر اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ امتحانی عمل کو شفاف بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات نے جمعہ کے روز پشاور کے مختلف سکولوں میں امتحانی مراکز کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر انہوں نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران اور ڈیوٹی پر مامور اساتذہ سے امتحانا ت کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کیں کہ امتحانی مراکزمیں بھرپور طریقے سے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے امتحانات میں نقل کے رجحان کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور اس لعنت میں ملوث مافیا کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے گی۔شاہ فرمان نے کہا کہ قابلیت کی بنیاد پر آگے آنے والے طلباء ہی احسن طریقے سے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار اداکر سکتے ہیں جبکہ نقل کا سہارا لینے والے طلباء نہ صرف ملک و قوم کے ساتھ ناانصافی کرتے ہیں بلکہ قابل اور غریب طلباء کی حق تلفی بھی کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سفارشی کلچر کا خاتمہ بھی تحریک انصاف کے ا یجنڈے میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سفارشی کلچر کی بنیاد بھی نقل سے رکھی جاتی ہے جس کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ شاہ فرمان نے اساتذہ کرام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے معزز معاشرتی مقام کے تناظر میں نقل کے رجحان کے خاتمے میں اپنا موثر کردار ادا کرتے ہوئے طلباء کو نقل کی وجہ سے معاشرے اور تعلیمی نظام پر پڑنے والے برے اثرات سے آگاہ کریں اور محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیں تاکہ معاشرے کو خوشحال بنایا جاسکے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نقل کی لعنت کے خاتمے اور تعلیم کے انصاف کی فراہمی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات