ہم اپنے ذہنوں کو تبدیل کر کے جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کیلئے عملی قدم اٹھائیں،سراج الحق،محنت کش ہماری صنعتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی بہتری اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائینگے، وزیر خزانہ خیبرپختونخوا

جمعہ 14 مارچ 2014 20:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر خزانہ سراج الحق نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے ذہنوں کو تبدیل کر کے جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنے کی طرف عملی قدم اٹھائیں تاکہ ایک صاف ستھرا اور اسلامی نظام حیات اپنا کر دنیا و آخرت کی فلاح پا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر دوسروں کے علاوہ وزیر بلدیات عنایت اللہ خان اور سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ گلزیب خان بھی موجود تھے۔سینئر وزیر سراج الحق نے کہاکہ اس وقت 70لاکھ کے قریب پاکستانی مزدور بیرون ملک اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اس لئے لیبر قوانین اور انکے حقوق کی طرف توجہ دینے کی فوری ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ گلزیب خان نے لیبر قوانین کے حوالے سے تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ محنت کش جو ہماری صنعتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی بہتری اور خوشحالی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سینئر وزیر نے مزید کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق لیبر فورس کو تکنیکی تعلیم دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ پہلے سے زیادہ مہارت کے ساتھ کام کر کے ملک کی معاشی حالت مستحکم کرنے میں اپنابھرپور کردار اداکر سکیں۔

متعلقہ عنوان :