میرا استعفیٰ حکومت کی ساری مشکلات کا حل ہے تو استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوں، شیخ رشیداحمد، طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتا ہوں ، نتیجہ بھی نکلنا چاہئے ، پریس کانفرنس

جمعہ 14 مارچ 2014 20:11

میرا استعفیٰ حکومت کی ساری مشکلات کا حل ہے تو استعفیٰ دینے کیلئے تیار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرا استعفیٰ اس حکومت کی ساری مشکلات کا حل ہے تو استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوں، ڈالر کی قیمت میں کمی کا فائدہ حکومت 10 روپے بجلی اور پیٹرول میں کم کر کے عوام کو دے ، طالبان سے مذاکرات کا نتیجہ میں نکلنا چاہئے۔ جمعہ کو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پورے ملک اور سوشل میڈیا پر میرے استعفیٰ کے حوالے سے زبردست بحث ہو رہی ہے اگر میرا استعفیٰ ہی حکومت کی مشکلات کا حل ہے تو میں استعفیٰ دینے کو تیار ہوں راولپنڈی میں آج بھی ڈالر کا ریٹ 102.2 روپے ہے حکومت کو 75 کروڑ ڈالر کی دو گرانٹ امریکہ سے ملی ہیں جس کا حکومت نے اعتراف بھی کر لیا ہے جس کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ کم ہوا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ حکومت اسمبلی سیشن تک ڈالر کا ریٹ برقرار رکھے۔

(جاری ہے)

حکومت عوام کو بتائے کہ یہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی گرانٹ کس مقصد کیلئے ملی ہے ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں حکومت طالبان مذاکرات کی حمایت کرتا ہوں اور ان مذاکرات کا نتیجہ بھی نکلنا چاہئے اور طالبان کی طرف سے کیا ڈیمانڈز ہیں حکومت ان ڈیمانڈز کو عوام کے سامنے لائے ۔ نواز شریف اور عمران خان کی ملاقات ایک اچھا قدم ہے مجھے اگر ملاقات میں بلایا جاتا تو میں نہ جاتا۔

عمران خان نے ملاقات کے بعد مجھے فون کیا اور ملاقات سے متعلق مجھے بتایا اگر عمران خان مجھے فون نہ بھی کرتے تو مجھے ان سے کوئی گلہ نہیں تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام بھوک سے مر رہی ہے اور ہمارے حکمرانوں کو سندھ فیسٹیول اور گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی پڑی ہے ان کے منشور میں نہ تو سندھ فیسٹیول کا ذکر تھا اور نہ ہی گینز بک آف آف ورلڈ ریکارڈ کا یہ اصل میں دو شہزادوں کی لڑائی ہے ۔ جنرل پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے عوامی مسلم کے سربراہ نے کہا کہ یہ بے وقت کی راگنی ہے جس کا کوئی مقصد ن ہیں اگر ٹرائل کرنا ہی ہے تو 12 اکتوبر سے شروع کریں اور جو جو اس میں شامل تھا سب کیخلاف ٹرائل کریں۔

متعلقہ عنوان :