محکمہ لائیوسٹاک پشاور میں پراونشل زونوسز کوآرڈنیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس

جمعہ 14 مارچ 2014 18:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) گزشتہ کئی دہائیوں سے انسانوں میں پائی جانے والی بیماریوں میں سے بعض کا تعلق زونوٹک امراض سے ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو جاتی ہیں۔ان بیماریوں کے تدارک کیلئے صرف عالمی کوششیں کافی نہیں بلکہ یہ ہر طبقہ زندگی کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔اس حوالے سے محکمہ لائیوسٹاک پشاور میں پراونشل زونوسز کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین کمیٹی ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر شیر محمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران میں شامل محکمہ جات لائیوسٹاک،تعلیم، صحت، انفارمیشن، جنگلی حیات، جامعات، ماحولیات ،ٹی بی کنٹرول پروگرام اور غیر سرکاری خیراتی ادارے ریلیف انٹر نیشنل کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ جات کے نمائندوں نے ماحول اور انسانوں پر زونوسز بیماریوں پر اثرات اور اس کے تدارک کیلئے مناسب اقدامات کرنے اور ان سے بچاؤ کے سلسلے میں آگہی پیدا کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ تشکیل کردہ کمیٹی ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرے گی اور مذکورہ بیماریوں کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ محکمے آپس میں روابط رکھیں گے جبکہ غیر سرکاری تنظیم ریلیف انٹر نیشنل عوام میں ان بیماریوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ضلعی سطح پرسیمینار اور دیگرمعلوماتی پروگراموں کا اہتمام کرے گی۔

متعلقہ عنوان :