پشاور، صوبائی حکومت اپنے اصلاحاتی و تبدیلی کی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے،محمودخان

جمعہ 14 مارچ 2014 18:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) خیبر پختو نخوا کے وزیر برائے کھیل،سیاحت ،میوزیم و آثارقدیمہ اور اُمور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے اصلاحاتی و تبدیلی کی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے نہ صرف پُرعزم ہے بلکہ اس سلسلے میں بیشتر اقداما ت بھی اُٹھائے جا رہے ہیں۔ جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں ۔

عوام کو بھی چاہئے کہ وہ بدعنوانی کی حوصلہ شکنی اور میرٹ کی بالادستی کے لئے اُٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پشاور میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیر کھیل نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسوں کے بدولت عوام میں مایوسی اور بے شمار مسائل و مشکلات میں مبتلا ہوئے تھے مگر اب صورتحال یکسر بدل چکی ہے ۔

(جاری ہے)

تمام سرکاری محکمہ جات کی براہ راست نگرانی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے جائز حقوق کے حصول اور مطالبا ت کی منظوری کے لئے مثبت راستہ اختیار کریں۔انہیں قطعاًمایوسی نہیں ہوگی ۔صوبے سے سفارش کلچر ختم کردیا گیا ہے تمام بھرتیاں میرٹ پر ہو رہی ہیں تاہم عوام بھی بدعنوانی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے اپنے قومی و اخلاقی فریضہ سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں عوامی خدمت کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی گئی جس کی وجہ سے عوام شدید مایوسی کا شکار ہو چکے تھے موجودہ حکومت نے عمران خان اور پرویز خٹک کی قیادت میں نہ صرف سرکاری اداروں کوٹھیک کرنے کے لئے تاریخی اقدامات کئے بلکہ سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد کو بھی بحال کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر یقین دلایا کہ اگر عوام نے عزم اور حوصلے سے کام لیا اور اصلاحاتی اقدامات کی کامیابی میں تعاون کیا تو بہت جلد خیبر پختو نخوا دیگر صوبوں کے لئے ایک رول ماڈل ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :