غداری کیس:پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

جمعہ 14 مارچ 2014 14:19

غداری کیس:پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مارچ 2014ء) غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔ خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو نے مشرف کی طلبی پر فیصلہ سنایا۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے وارنٹ پر عملدرآمد 31 مارچ کو کیا جائے، اگر مشرف عدالت آنے سے انکار کریں تو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔

کیس کی مزید سماعت20 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔اس سے قبل مشرف کے وکیل انور منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کی سیکورٹی کی اسکریننگ کے لیے 6 سے8 ہفتے درکار ہیں،ان کو عدالت لانے کا رسک نہیں لے سکتے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران انور منصور ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ پرویز مشرف کی سیکورٹی کی سکریننگ کے لیے 6 سے8 ہفتے درکار ہیں،تکنیکی طور پر کوئی پراسیکیوٹر نہیں ،ہم نے پراسیکیوٹر کی تقرری کو چیلنج کر رکھا ہے، پہلے درخواستوں کا فیصلہ ہونے دیں ۔

استغاثہ کے وکیل اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم کہہ رہے ہیں کہ ملزم کو ہماری حراست میں دے دیں، پرویز مشرف یہاں نہیں آنا چاہتے تو محفوظ ترین جگہ جیل ہے، پرویز مشرف کی من پسند جیل میں ٹرائل چلانے کو تیار ہیں، اگر وہ چاہیں تو اڈیالہ،حیدرآباد یا اٹک جیل میں ٹرائل کرنے کوتیار ہیں،طالبان یا حکومت نے سیکیورٹی نہیں دی،مشرف کے پاس اپنی سیکورٹی ہے۔

متعلقہ عنوان :