افغانستان اورپاکستان کی ایک جیسی مشکلات ہیں،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ،مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں، امن کا قیام پورے خطے کی ضرورت ہے، ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے،افغان قونصل سے گفتگو

جمعرات 13 مارچ 2014 22:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے اور افغانستان کے برادرانہ اسلامی، تاریخی، ثقافتی رشتے ہیں، دونوں ممالک ایک جیسی مشکلات کا شکار ہیں اور دونوں ملکوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں افغان قونصل جنرل واحد اللہ مومند سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جنہوں نے جمعرات کے روز ان سے ملاقات کی اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دونوں ممالک پسماندگی، غربت، تعلیم اور صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اور اس کے عوام تاریخی ، ثقافتی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ امن کا قیام پورے خطے کی ضرورت ہے، ہمیں ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے، وزیر اعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ امن کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ جو خطیر رقم ہم سیکورٹی پر خرچ کر رہے ہیں اور وہ تعلیم کے فروغ اور غربت کے خاتمے پر خرچ ہوتی تو آج صورتحال قطعی مختلف ہوتی، وزیر اعلیٰ نے دونوں ملکوں کے درمیان قانونی تجارت کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے لیے سود مند ہوگی، انہوں نے دونوں برادر ملکوں میں کلچر اور تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 30سالہ افغان جنگ نے معیشت کے ساتھ ساتھ ہماری نسلوں کو بھی تباہ اور تعلقات کو بھی متاثر کیا، وزیر اعلیٰ نے افغان حکومت کی جانب سے میر گل خان نصیر کے حوالے سے سیمینار منعقد کرانے پر شکریہ ادا کیا اور افغان عوام اور حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر افغان قونصل جنرل نے بلوچستان میں افغان قیدیوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کی درخواست کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام نے مشکل وقت میں افغان عوام کی بھرپور مدد کی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں اور ہم یکساں طور پر دہشت گردی کا شکار ہیں، ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :