وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت پی پی سندھ کو نسل کا اجلاس، ضلع تھرپارکر میں متاثرہ لوگوں میں حکومت سندھ کی امدادی کارروائیوں پر اظہار اطمینان،شہید بھٹو کی 35ویں برسی نہایت عقیدت و احترام سے منانے کا فیصلہ،4اپریل کو گڑھی خدابخش میں عظیم الشان جلسہ منعقد کیاجائے گا،بلاول بھٹو زرداری اورآصف علی زرداری خطاب کریں گے

جمعرات 13 مارچ 2014 20:10

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت پی پی سندھ کو نسل کا اجلاس، ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کونسل کا اجلاس پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نثار احمد کھوڑو،نواب یوسف تالپور،جام مہتاب ڈھر،مولابخش چانڈیو،مراد علی شاہ، منظور وسان، پیرآفتاب شاہ جیلانی،جاوید ناگوری ،راشد ربانی،روبینہ سعادت قائمخانی، وقار مہدی،قادر پٹیل،سید علی نواز شاہ،آفتاب شعبان میرانی، شگفتہ جمانی،عاجز دھامرہ،سردار خان مری، سرفراز راجڑ،لعل بخش بھٹو،ہری رام کشوری،میر منور تالپور،شرمیلا فاروقی،،خورشید جونیجوسمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں 4اپریل 2014کو پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 35ویں برسی کی تیاریوں اورضلع تھرپارکر میں قحط سے متاثرہ لوگوں میں سندھ حکومت کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے انتظامات پر غورو خوص کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع تھرپارکرمیں متاثرہ لوگوں میں حکومت سندھ کی امدادی سرگرمیوں اقدامات اور انتظامات پر اطمینان پر اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہید بھٹو کی 35ویں برسی نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جائیگی اس موقع پر 3اور 4اپریل کی درمیانی شب گڑھی خدابخش لاڑکانہ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیاجائے گا، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے اس موقع پر محفل مشاعرہ بھی منعقد کیا جائیگا پنڈال میں پاکستان کے تمام اضلاع کے استقبالیہ کیمپ قائم کئے جائیں گے پانی کی سبیلیں اور میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے اور لنگر تقسیم کیا جائیگا ۔

تقریبات کا آغاز 3اپریل کی شام شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر قرآن خوانی سے ہوگا جبکہ جلسے کا آغاز 3اور 4اپریل کی درمیانی شب 12بجے رات کو کیا جائیگا۔ اجلاس میں جلسے کے اختتام پر شہید بھٹو کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی جائیگی اور بعد ازاں اجتماعی فاتحہ خوانی کے بعد تقریبات کا اختتام ہوجائیگا۔ فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع کے قافلے 3اپریل شام 5بجے تک گڑھی خدابخش لاڑکانہ پہنچ کر فخر ایشیا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

اجلاس میں تمام ضلعی صدور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کارکنوں کے جنرل باڈی اجلاس منعقد کرکے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں تمام اضلاع میں پارٹی کے جھنڈے پنیا فلیکس اور بینرز آویزاں کریں۔ سندھ کونسل کے اجلاس میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں تھر کے علاقے میں قحط کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے فوری اقدامات اٹھانے اور متاثرہ لوگوں کو بروقت امداد فراہم کرنے اور سخت سردی اور وبائی بیماریوں سے متاثرہ افراد اور بچوں کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے پر سندھ حکومت اور باالخصوص وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارد اد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے فوری طور پر تھر کے صورتحال کا جائزہ لینے اور تھر کے متاثرہ عوام سے اظہار ہمدردی کیلئے پہنچنے پر انہیں بھی دل کی گہرایوں سے خراج تحسین پیش کیا گیا اور قراردادیں تھر کے عوام سے دلی ہمدردی اور مکمل اظہار یکجھتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی اوراسکی صوبائی حکومت تھر کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی انکے دکھوں اور مسائل کا مداوا کرے ،مخالفین جتنا بھی پروپیگنڈہ کرلیں لیکن وہ سندھ کے باشعور عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچھلے 6سالوں سے تھر کے عوام کی خدمت کرتے آئے ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ تھر کے لوگوں نے پچھلی حکومت میں پی پی پی کو ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں تمام مشکلات پر قابو پاچکے ہیں، اس وقت پورے ضلع تھرپارکر میں حکومت سندھ کی جانب سے متاثرہ لوگوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم زور شور سے جاری ہے، اس وقت تک گندم کی تقریباً 70ہزار بور یوں سے زیادہ تقسیم کر چکے ہیں، بیماروں کا علاج ہسپتالوں اور گشتی ہسپتالوں کے ذریعے جاری ہے اور جلد ہی صورتحال نارمل ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم تھر کو مستقل بنیاد پر ایسی ترقی دینا چاہتے ہیں جہاں روزگار کے علاوہ زندگی کی تمام سہولتیں میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تھرکول کے باقاعدہ استعمال کے بعد شہر کا موجودہ نقشہ ترقی یافتہ علاقے میں تبدیل ہو جائے گا، کیونکہ پی پی پی حکومت اس پروجیکٹ کے ساتھ ساتھ تھرڈولپمینٹ اتھارٹی قائم کرکے وہاں انفراسٹریکچر کی تمام سہولیات مہیا کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اشتراکی اداروں کی تعاون سے تھر ڈولپمینٹ اتھارٹی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس سے پورے ضلع کے اندر سڑکوں اور ہسپتالوں کا جال بچھایاجائے گا اور لوگوں کو پینے کے پانی کے ساتھ روزگار بھی مہیا کیا جائیگا اور تھر کے لوگ روزگار کیلئے باہر نہیں جائیں گے بلکہ باہر کے لوگ وہاں نوکری کرنے کیلئے ترسینگے۔انہوں نے کہا کہ تھر کی صورتحال پر جلد ہی قابو پا لیا جائیگا تھر کے متاثرہ لوگوں کو راشن اور دیگر اشیاء کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور وہاں زندگی آہستہ آہستہ معمول پر آرہی ہے ۔

انہوں نے اراکین سندھ کونسل پر زور دیا کہ شہید بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے اپنی تیاریاں فوری طور پر شروع کردیں اور نظم و ضبط کے ساتھ برسی میں شرکت کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مزیدکہا کہ 4اپریل پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس دن پاکستان کے عوام کے عظیم قائد کو آمر ضیاالحق نے ایک جھوٹے مقدمے میں تختہ دار پر چڑھا کر شہید کر دیا اور عوام سے ان کا محبوب ترین قائد چھین لیا۔

انہوں نے کہا کہ کہ آج شہید بھٹو کی شہادت کو 35برس گذر چکے ہیں لیکن پاکستان کے عوام کے دلوں سے شہید بھٹو آج بھی زندہ جاوید ہے اور شہید بھٹو عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے 1967میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھ کر ملک میں ایک انقلاب برپا کر دیا شہید بھٹو مزدورں ، کسانوں اور ہاریوں کی آواز بن گئے تھے 1971کے انتخابات میں عوام نے شہید بھٹو کی پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا اور شہید بھٹو نے عوام کیلئے انقلابی اصلاحات کیں اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبے شروع کیئے ملک کو 1973کا متفقہ آئین دیا اور پاکستان کے وقار کو عالمی دنیا میں اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے جاں نثار کارکنوں نے ضیاء آمریت کا دلیرانہ مقابلہ کیا اور قربانیاں دیں پیپلزپارٹی کی تاریخ شہادتوں اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے پارٹی کو اپنے جدوجہد کرنے والے کارکنوں پر ناز ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے پہلے بھی عوام کی بے لوث اور بلاامتیاز خدمت کی ہے اور اب بھی کررہے ہیں مخالفین کچھ بھی کر لیں وہ عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے عوام کو پیپلزپارٹی پر اعتماد تھا اور انشاء اللہ ہمیشہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2013کے الیکشن میں سندھ میں پیپلزپارٹی پر عوام نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب کیا وہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ہم نے وعدے نہیں بلکہ عملی کام کئے ہیں عوام کو روزگار دیا خواتین ہاریوں کو 25,25ایکڑ مفت زمین دیں ، بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈولیپمینٹ پروگرام کے تحت 2لاکھ سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت دیگر انکو ہنرمند بنادیا ہے تاکہ وہ اپنی روزی کما سکے ۔ صوبہ میں اسپتال اسکول اور کالجز تعمیر کئیے کراچی کی تعمیر اور ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی اور متعدد منصوبے مکمل اور کچھ زیر تعمیر ہیں۔