مشیر خارجہ کی برطانوی وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے ملاقات ، پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال ،برطانوی حکام کی ٹیکس محصولات کی وصولی اور اقتصادی اصلاحات کے شعبوں میں موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی تعریف ،وزیر داخلہ تھریسا مے کی نئی داخلی سلامتی پالیسی کا خیر مقدم کیا اور اس پر موثر عملدرآمد کے لئے برطانیہ کی حمایت کی پیشکش

جمعرات 13 مارچ 2014 20:04

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع تر سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے جائزے کیلئے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری جسٹین گریننگ، برطانیہ کے وزیر داخلہ تھریسا مے اور وزیر دفاع فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کی۔جسٹین گریننگ نے ٹیکس محصولات کی وصولی اور اقتصادی اصلاحات کے شعبوں میں موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ موجودہ جمہوری حکومت اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برطانوی ادارہ برائے ترقی کے ترقیاتی پروگرام انتہائی کامیابی سے چل رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اصلاحات کے اہداف کے حصول اور پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے برطانیہ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ تھریسا مے نے پاکستان کی نئی داخلی سلامتی پالیسی کا خیر مقدم کیا اور اس پر موثر عملدرآمد کے لئے برطانیہ کی حمایت کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا استحکام پورے جنوبی ایشیائی خطے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور برطانیہ علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لئے بامقصد تعاون کے لئے تیار ہے۔وزیر دفاع فلپ ہیمنڈ نے سرتاج عزیز کے ساتھ دونوں ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور دفاعی تعاون فورم کے لندن میں آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس کے مثبت نتائج کے لئے امید کا اظہار کیا۔

ملاقات میں افغانستان سے نیٹو افواج کی واپسی کے بعد کی صورتحال اور خطے پر اس کے اثرات کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز نے سماجی و اقتصادی ترقی، سلامتی، دہشت گردی کی روک تھام اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں برطانیہ کی حمایت اور تعاون کو سراہا اور معیشت کی بحالی، توانائی بحران کے خاتمے، شفافیت قائم کرنے، بہتر نظم و نسق اور ٹیکس بنیاد وسیع کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

فریقین نے وسیع تر سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے فریم ورک کے تحت مجموعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس فریم ورک کے تحت متعین کردہ اہداف مقررہ مدت میں حاصل کر لئے جائیں گے۔سرتاج عزیز نے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں افغانستان میں 2014ء کے بعد کی صورتحال، علاقائی استحکام اور سلامتی پر پاکستان کے نکتہ نظر کے معاملے پر خطاب کیا۔

اس موقع پر پالیسی سازوں، دانشوروں، تھنک ٹینکس کے ممبران اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز وزراء خارجہ کی سطح پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع تر سٹریٹجک ڈائیلاگ کے جائزے کے لئے برطانیہ کے تین دن کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وہ (آج) جمعہ کو دولت مشترکہ کے وزارتی ایکشن گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :