زائد المیعاد اے بی سی سر ٹیفکیٹ کے حامل اخبارات کو سنٹرل میڈیا فہرست سے خارج کر دیا جائے گا،آڈٹ بیورو آف سرکولیشن

جمعرات 13 مارچ 2014 18:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء)آڈٹ بیورو آف سرکولیشن نے سینکڑوں اخبارات کو حتمی نوٹس کے ذریعے اپنے سرٹیفکیٹ تجدید کرانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ جن اخبارات نے نیا اے بی سی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے اس پریس ریلیز کی اشاعت کے بعد دو ہفتوں کے دوران درخواست جمع نہ کرائی ان کا نام سنٹرل میڈیا فہرست سے خارج کر دیا جائے گا اور وہ حکومتی اشتہارات شائع کرنے کے مجاز نہیں ہو ں گے۔

آڈٹ بیورو آف سرکولیشن ، وزارت اطلاعات ، براڈ کاسٹنگ اور قومی ورثہ اخبارات کو حکومتی اشتہارات دینے کے عمل میں شفافیت لانے کے لئے بنیادی اقدامات کررہے ہیں۔ اس مقصد کے لئے اے بی سی پہلے ہی اے بی سی سرٹیفکیٹ کے حامل اخبارات کے تمام ریکارڈ کی بڑے پیمانے پر چھان بین کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس عمل کے ذریعے اے بی سی کے مشاہدے میں آیا ہے کہ متعدد اخبارات نے بار بارنوٹسز کے باوجود اپنے اے بی سی سرٹیفکیٹ کی تجدید نہیں کرائی۔

چند پبلشرز نے نوٹسز کا جواب دیا ہے اور سرٹیفکیٹ کی تجدید کے لئے درخواست دی ہے۔ جبکہ زیادہ تر نے جواب دینے کی زحمت نہیں کی۔ ایک فہرست ایسے اخبارات اور پبلشرز کی تیار ہو چکی ہے جن کو سنٹرل میڈیا فہرست سے خارج کیا جائے گا،جس کو پی آئی ڈی کی ویب سائٹ پر ڈال دیا گیا ہے ۔جو اخبارات دو ہفتوں کے دوران اے بی سی سے رابطہ کریں گے ان کو منسوخی فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔