ایل ڈی اے نے15پلاٹ10کروڑ43لاکھ19 ہزار روپے میں نیلام کر دئیے

جمعرات 13 مارچ 2014 17:01

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13مارچ 2014ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام جو ہر ٹا ؤن اور مصطفی ٹاؤن میں واقع چھے کمرشل اور جوبلی ٹا ؤن اورسبزہ زار میں واقع9 رہائشی پلاٹ مجموعی طور پر10کروڑ43لاکھ19ہزارروپے میں نیلام کر دئیے گئے ۔ سب سے زیادہ بولی جوہر ٹاوٴن سکیم کے بلاک جے ٹو میں واقع80مربع میٹر یا پونے چار مرلے کے کارنر کمرشل پلاٹ نمبر118کے لئے دی گئی۔

اس کی بنیادی قیمت 11 لاکھ روپے فی مرلہ رکھی گئی تھی جبکہ یہ18 لاکھ50ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے مجموعی طور پر70لاکھ81ہزار روپے میں نیلام ہوا۔نیلام عام ایل ڈی اے کمیونٹی سنٹر 239-A نیو مسلم ٹاؤن نزد ایوبیہ مارکیٹ میں منعقد ہو ا جس کی نگرانی ایل ڈی اے کی آکشن کمیٹی کے ارکان ڈائریکٹر فنانس ظہیر اصغر رانا‘ ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ اکبر نکئی‘عثمان غنی ‘ ندیم عباس بھنگو اور وسیم عباس اورڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ ون عمران رضا عباسی اور دیگر متعلقہ افسران نے کی ۔

(جاری ہے)

پلاٹوں کی فی مرلہ بنیادی قیمت کا تخمینہ پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے منظور شدہ تخمینہ کاروں سے لگوایا گیا تھا۔نیلام عام کے دوران بولی میں حصہ لینے کے خواہشمند62حضرات نے زر ضمانت جمع کروائی ۔نیلامی شروع ہونے سے پہلے نیلام عام کی شرائط پڑھ کر سنائی گئیں۔نیلامی میں شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا ا ور ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر بولی دی ۔