انٹرنیشنل میڈیاکی”تھر قحط“کے حوالے سے جاری کی جانے والی رپورٹ انتہا ئی تشویشناک ہے‘ سید وسیم اختر

جمعرات 13 مارچ 2014 16:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13مارچ 2014ء) پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سیدوسیم اختر نے کہاہے کہ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ”تھر میں11لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں،” انٹرنیشنل میڈیاکی”تھر قحط“کے حوالے سے جاری کی جانے والی رپورٹ انتہا ئی تشویشناک ہے،سندھ حکومت کی غیر سنجیدگی کے باعث ڈیڑھ سو کے قریب معصوم بچوں کی ہلاکت ہوچکی ہے،بڑی تعداد میں دیہاتوں میں ابھی تک امدادی کام شروع ہی نہیں ہوسکا،دور دراز کے ہسپتالوں میں مریضوں کوزمین پر بستر لگا کر علاج کیا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب ڈاکٹرز اور ادویات کی شدید کمی ہے۔

انہوں نے کہاکہ صرف 33ہزار گندم کی بوریاں تقسیم کی گئی ہیں جبکہ 27ہزار بوریاں تاحال گوداموں میں پڑی ہیں۔

(جاری ہے)

نیز حکومت کی اعلان کردہ60ہزار گندم کی بوریاں پہنچی ہی نہیں۔گندم تقسیم کرنے والے ٹھیکیدار پیسے وصول کررہے ہیں۔پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امداد اور گندم وڈیروں کی بیٹھکوں میں تقسیم کی جارہی ہے اور اس سے من پسند افراد ہی مستفید ہورہے ہیں یہ امر انتہائی قابل مذمت ہے۔

گندم کی تقسیم میں خرد برد کی جارہی ہے وفاقی حکومت امداداورگندم کی تقسیم کی خود نگرانی کرے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن نے قحط زدگان کے لئے 10لاکھ روپے کی مزید امداد بھجوانے کافیصلہ کیاہے۔ جس سے امدادی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔جماعت اسلامی کے رضاکار شب وروز متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔عوام دل کھول کر قحط زدگان کی امدادکریں۔