تہر میں غفلت برتنے والوں کے نشاندہی کرنے اور ان کا احتساب کرنے کیلئے 2کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں،سید قائم علی شاہ، تھر میں قحط سے جاں بحق ہونیوالے بچوں کے ورثاء کو اعلان کردہ معاوضہ جلد ادا کیا جائیگا۔وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 12 مارچ 2014 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر کے قحط متاثرین کو ریلیف کی فراہمی میں غفلت برتنے والوں کی نشاندہی کرنے او ر ان کا احتساب کرنے کیلئے 2کمیٹیاں قائم کر دی ہیں اور ان کی رپورٹ ملنے پر ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو دربارہال مٹھی میں پریس کانفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں مستقبل میں قحط کی صورتحال میں تدارک کیلئے علاقے سے غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کے منصوبے پر عمل کیا جائے گا ۔اب تک تھر کے قحط زدہ علاقوں میں48ہزار خاندانوں میں گندم کی بوریاں تقسیم کی جاچکی ہیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قحط متاثرین میں غذا ،ادویات او ردیگر ضروریات زندگی تقسیم کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسان دوست تنظیموں اور افراد کا تھر کے متاثرین کی امداد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر کے قحط زدہ علاقوں کی بحالی کیلئے وزیراعظم پاکستان نوازشریف کی جانب سے ایک ارب روپے گرانٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین میں امداد کی تقسیم کے نظام کو شفاف بنانے کیلئے منتخب اراکین اسمبلی کی زیر ِنگرانی یہ عمل مکمل کیا جائیگا۔ریلیف اشیاء کی فوری تقسیم این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے حکومت سندھ کے ریلیف کوآرڈینیٹر اور این جی اوز کے زریعے ممکن بنائی جارہی ہے۔

قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ قحط کے دوران جاں بحق ہونیوالے بچوں کے ورثاء کو اعلان کردہ معاوضہ جلد ادا کیا جائیگا اور ریلیف کے کاموں کی وہ ذاتی طور پر نگر انی کرینگے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے ریلیف کو آرڈینیٹر تاج حیدر ،صوبائی وزراء اصغر علی جونیجو،دوست محم راہموں، جام خان شورو،صوبائی و قومی اسمبلی کے اراکین اورمقامی عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔