تھر میں ہلاکتوں کے ذمہ دار افسروں کو نہیں بخشا جائے گا، سرپرست اعلیٰ پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ،بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو تھر کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کردی ،پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا تھر کی موجودہ صورتحال پر غفلت برتنے والوں کا سختی سے احتساب کرنے کا فیصلہ

بدھ 12 مارچ 2014 22:50

تھر میں ہلاکتوں کے ذمہ دار افسروں کو نہیں بخشا جائے گا، سرپرست اعلیٰ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر میں ہلاکتوں کے ذمہ دار افسروں کو نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے تھر میں ہلاکتوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی کی رپورٹ دیں۔ بدھ کو بلاول بھٹو زرداری نے دبئی میں سابق صدر اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو تھر کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کردی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران انہوں نے آصف علی زرداری کو دورہ تھرپارکر کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ انہوں نے تھر کے حالات کا تفصیلی مشاہدہ کیا ہے اور قحظ سالی سے متاثرہ افراد سے خود ملاقات کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے انہیں بریفنگ میں بتایا ہے کہ تھر میں گندم کی صحیح تقسیم نہ ہونے کے باعث موجودہ صورتحال پیش آئی ہے۔

زیادہ تر بچوں کی ہلاکتیں غذائی اشیاء کی کمی اور بیماری کے باعث ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی ہلاکتوں کی بڑی وجہ نمونیہ کی بیماری کی وجہ سے پیش آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آگاہ کیا ہے کہ فوری طور پر 60 ہزار گندم کی بوریاں متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی جارہی ہیں اور اگر مزید ضرورت پڑی تو مزید گندم بھی تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کو بھی دو لاکھ روپے فی کس امداد دی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے والد اور سابق صدر آصف علی زرداری کو آگاہ کیا کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور وزیراعلیٰ سمیت صوبائی وزراء اور پارٹی کے اراکین کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ تھر میں موجود رہیں۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ تھر کی صورتحال کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کردی ہے کہ تھر کی صورتحال کے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو زرداری مسلسل تھر کی صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال پر غفلت برتنے والوں کا سختی سے احتساب کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ دبئی سے واپسی کے بعد تھر کا تفصیلی دورہ کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے۔