Live Updates

سیاسی حلقے وزیراعظم کی عمران خان کی رہائش گاہ پر آمدکواہم قراردینے لگے،نوازشریف رواں ہفتے کے دوران ملک کی دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں

بدھ 12 مارچ 2014 22:45

سیاسی حلقے وزیراعظم کی عمران خان کی رہائش گاہ پر آمدکواہم قراردینے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) وزیر اعظم نواز شریف کی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ پر آمد اور اہم قومی امور پر مشاورت کو سیاسی حلقے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ قومی رہنماؤں کی اس ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان کو طالبان سے ہونے والے مذاکرات پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسئلے کو مزاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے طالبان قیادت سے ابتدائی رابطوں کے بعد اب نئی حکومتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔

عمران خان نے ملک میں قیام امن کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے شروع کی گئی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلی بار کسی حکومت نے دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

سیاسی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات سے طالبان قیادت کو بھی ایک واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اب طالبان کو بھی مزاکرات کے لئے سنجیدگی اختیار کرنا ہو گی۔ سیاسی حلقوں کے مطابق وزیراعظم نوازشریف رواں ہفتے کے دوران ملک کی دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں تاکہ طالبان قیادت کو ایک واضح پیغام دیا جا سکے کہ اس مسئلہ پر پوری قوم یک جان ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات